نیو نیوز سکرین گریب

2 بڑوں کی جنگ میں اسد عمر کو ہٹایا گیا: خورشید شاہ
19 اپریل 2019 (12:14) 2019-04-19

سکھر: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ سابق وزیرخزانہ اسد عمر کو ملکی معیشت اور قرضوں کا علم تھا مگر انہوں نے قوم کو جنت کے جھوٹے خواب دکھائے۔

سکھر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان نے کوئی لائن ڈرا نہیں کی، اسد عمر کو ملکی اکانومی کا کوئی تجربہ نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیرخزانہ اسد عمر کی تبدیلی نظر آرہی تھی وہ بار بار ناکام ہو رہے تھے، ان کا جانا ٹھہر گیا تھا۔ 2 بڑوں کی جنگ میں اسد عمر کو ہٹایا گیا۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا ہم کہتے آرہے تھے ان پالیسیوں سے معاشی حالات خراب ہوں گے، ہم نے بار بار کہا مگر مذاق اڑایا گیا۔ پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہا جو شخص جنگی حالات میں اپوزیشن سے بات کرنے کو تیار نہ تھا وہ اب کیسے بات کرے گا۔

سابق اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ پی ٹی آئی کوئی سیاسی پارٹی نہیں ہے اسے لایا گیا ہے ان کے ہاتھ میں کچھ نہیں ہے، ساری سیاسی جماعتوں سے لوگ اٹھا کر ایک جماعت بنائی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے نامساعد حالات میں بھی لوگوں کو نوکریاں دی ہیں لیکن آج ایک خاکروب کو بھی نوکری نہیں مل رہی۔

خورشید شاہ نے کہا کہ ہم حکومت کی ناکامی پر سیاست نہیں کریں گے، اس حکومت نے کاروباری طبقے کا اعتماد ختم کردیا ہے، یہ حکمران جہاں جاتے ہیں اپنے ملک میں کرپشن کی بات کرتے ہیں۔


ای پیپر