مسجد اقصیٰ سے متعلق افسوسناک خبر 
18 ستمبر 2020 (17:32) 2020-09-18

یروشلم :فلسطین میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث مسجد اقصیٰ کو تین ہفتوں کے لیے بند کردیا گیا۔

بیت المقدس کی انتظامیہ اور مسجد اقصیٰ کی وقف اتھارٹی نے محکمہ صحت کے عہدیداروں کے ساتھ ہنگامی اجلاس کے بعد یہ اعلان کیا ہے۔مشرقی یروشلم کے اسلامک وقف بورڈ نے کہا ہے کہ آج سے مسجد اقصیٰ میں نمازیوں کا داخلہ تین ہفتوں کے لئے بند کر دیا جائے گا۔

 وقف بورڈ کے رکن حاتم عبدالقادر نے بتایا مسجد اقصیٰ کھلی رہے گی اور یہاں پانچ وقت اذان ہوگی۔صرف سکیورٹی گارڈز اور اسٹاف کو مسجد اقصیٰ میں نماز کی اجازت ہو گی۔ عام لوگوں کے لئے مسجد بند رہے گی۔حاتم عبدالقادر نے مزید بتایا ہے کہ بیت المقدس کے پرانے شہر کے علاقوں کی مساجد کھلی رہیں گی جہاں پر باجماعت نماز ادا کی جائے گی۔

فلسطینی اتھارٹی کے محکمہ صحت کے مطابق اس وقت مشرقی یروشلم میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 8 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔


ای پیپر