Source : Yahoo

مدینہ کی سرزمین پر ننگے پاﺅں آمد
18 ستمبر 2018 (21:45) 2018-09-18

مدینہ منورہ :وزیراعظم عمران خان اپنے وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے دورے پر مدینہ منورہ پہنچ گئے ، اس موقع پرایئرپورٹ پر گورنر مدینہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے وزیراعظم اور ان کے ہمراہ وفد کا استقبال کیا۔

منگل کو وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کے دوروزہ سرکاری دورے پر مدینہ منورہ پہنچ گئے ۔ ایئرپورٹ پر گورنر مدینہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے وزیراعظم کا استقبال کیاجبکہ پاکستانی سفیر خان ہشام بن صدیق، سعودی حکام اور قونصلیٹ کے افسران بھی موجود تھے۔ سعودی عرب کے دورہ پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین اور مشیر عبدالرزاق داﺅد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں ۔ وزیر اعظم عمران خان نے وفد کے ہمراہ روضئہ رسول ﷺ پر حاضری د ی ، نوافل اور نماز مغرب ادا کی ۔

ان کی سعودی قیادت سے ملاقات آج بدھ کو ہوگی جبکہ وزیراعظم سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی سے بھی ملاقات کریں گے۔ذرائع کا کہناہے کہ وزیراعظم عمران خان متحدہ عرب امارات کے ولی عہد کی دعوت پر یو اے ای بھی جائیں گے۔واضح رہے کہ وزیراعظم سعودی عرب کے بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر یہ دورہ کر رہے ہیں۔ادھرترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی فرمانروا اور ولی عہد سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔وزیراعظم سے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف بن احمد بھی ملاقات کریں گے۔

اس دورہ اہم بات یہ تھی کہ وزیراعظم عمران خان نے مدینہ منورہ کی سرزمین پر قدم رکھنے سے پہلے ہی اپنے جوتے اتاردیئے۔وزیراعظم عمران خان مدینہ منورہ ایئرپورٹ پر طیارے سے نکلے تو انہوں نے جوتے نہیں پہن رکھے تھے وہ ننگے پاوں ہی ایئرپورٹ کے لاونج تک گئے۔

 عمران خان مدینہ کی سرزمین پر بغیر جوتوں کے پھرتے رہے یہاں تک کہ لاونج میں سعودی حکام کے ساتھ چلتے ہوئے جو تصاویر منظر عام پر آئیں ان میں دیگر افراد نے جوتے پہن رکھے ہیں جب کہ وزیراعظم عمران خان ننگے پاوں چل رہے ہیں۔انتخابات سے قبل بھی عمران خان جب اپنی اہلیہ کے ہمراہ مدینہ منورہ گئے تھے تب بھی انہوں نے جوتے نہیں پہنے تھے۔


ای پیپر