فوٹوبشکریہ فیس بک

بھاشا ڈیم کی جلد تعمیر کیلئے اس کا بجٹ 40 ارب روپے کیا جائے: خواجہ آصف
18 ستمبر 2018 (13:02) 2018-09-18

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھاشا ڈیم کی جلد تعمیر کیلئے اس کا بجٹ 40 ارب روپے کیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں ڈیم بنانے کے معاملے پر بحث ہوئی تو خواجہ آصف نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھاشا ڈیم سے متعلق دستاویزات میں سب واضح ہے، واٹر پالیسی میں بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم پر چاروں صوبوں کا اتفاق ہوا تھا۔ ہمیں پانی کی بچت کرنی ہے جس کے لئے آگاہی دینا ضروری ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بولے، خواجہ آصف نے جو نکتا اٹھایا ہے اس میں کوئی ابہام نہیں۔ ڈیم کے ایشو پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، ہمیں ملکر ملک کو ساتھ لے کر چلنا ہے۔ پوری قوم تسلیم کرتی ہے کہ ملک میں پانی کا سنگین بحران ہے۔ پانی کے نئے ذخائر نہ بنائے تو ملک اندھیروں میں چلا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے چاروں اکائیوں کے موقف کا احترام کرنا ہے۔ اگر سندھ، بلوچستان اور کے پی نے کالاباغ ڈیم پر اختلاف کیا تو ان کا احترام کریں گے۔ پہلی مرتبہ قوم اور بیرون ممالک ڈیموں کی تعمیر پر ساتھ دے رہے ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت نے دیامر بھاشا ڈیم کی بنیاد رکھی اور اس منصوبے کیلئے زمین حاصل کرنے کیلئے اربوں روپے بھی خرچ کیے۔


ای پیپر