Image Source: File Photo

 حکومت کو مزید وقت دینا ملکی سالمیت سے کھیلنے کے مترادف ہوگا، بلاول بھٹو
18 اکتوبر 2019 (23:49) 2019-10-18

کراچی: بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت کو مزید وقت دینا اس ملک کی سالمیت سے کھیلنے کے مترادف ہوگا۔

 

تفصیلات کے مطابق ، سانحہ کارساز کے 12 سال مکمل ہونے پر کراچی میں جلسہ عام  سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کہا  کہ پیپلز پارٹی کا سفر ذوالفقار علی بھٹو سے شروع ہوا۔ پیپلز پارٹی نے خوشیاں بھی دیکھیں ہیں اور غم بھی دیکھے ہیں۔

 

بلاول بھٹو نے کہا کہ سانحہ کارساز کی تلخ یادیں آج بھی زندہ ہیں۔ ہم اپنے شہدا کو کبھی نہیں بھول سکتے۔ 2007ء کا سال ہمارے ملک اور عوام کے لئے تاریک سال تھا۔ ایک طرف ایک ڈکٹیٹر تھا اور دوسری طرف دہشت گردی کا راج تھا۔ بینظیر بھٹو نے اپنی جان تو دے دی لیکن کسی آمر اور دہشت گرد کے آگے سر نہیں جھکایا، وہ مر کر بھی ہمیں جینا سکھا گئیں۔

 

بلاول بھٹو نے کہا کہ 2018ء کے الیکشن میں جو کچھ ہوا وہ سب کے سامنے ہے۔ ملک کی تاریخ میں پہلی بار 3 دن تک الیکشن کے رزلٹ نہیں دیے گئے۔ سیاسی لوگوں کو نااہل کروایا گیا، جیل میں بھیجا گیا۔ اس ملک کی تاریخ میں پہلی بار فوج کو پولنگ کے اندر کھڑا کیا گیا۔ جب دہشتگردی عروج پر تھی تب بھی ایسا نہیں کیا گیا۔

 

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ کوئی بتائے گا کس نے اس ملک کو آئی ایم ایف کے سامنے گروی رکھا؟ سی پیک پر کام بند کر دیا گیا جبکہ معیشت ڈوب رہی ہے۔ میری نظر میں یہ سنگین جرائم ہیں۔ کیا یہ وہ پاکستان ہے جس کے لئے ہمارے پیاروں نے قربانیاں دیں؟

 

انہوں نے مزید کہا  کہ ہمیں اس حکومت کو باہر کرنا پڑے گا۔ ہم پورا نظام بے نقاب کریں گے۔ ہم کب تک سلیکشن برداشت کرتے رہیں گے؟  اب وقت آ گیا ہے کہ اس حکومت کے خلاف فیصلہ کن سیاست کی جائے۔

 


ای پیپر