مولانا کا آزادی مارچ، علماء نے وزیراعظم کو تعاون کی یقین دہانی کرا دی
18 اکتوبر 2019 (15:08) 2019-10-18

اسلام آباد: مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ سے نمٹنے کیلئے وزیر اعظم عمران خان نے جید علمائے کرام اور مشائخ کی حمایت حاصل کر لی۔

ملاقات کا مقصد علمائے اکرام کو فضل الرحمان کے مارچ سے دور رکھنے اور آزادی مارچ سے نمٹنا تھا۔ اس سلسلے میں علماء نے وزیراعظم عمران خان کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعظم سے مفتی منیب الرحمان، مولانا طاہر اشرفی سمیت دیگر علماء نے ملاقات کی، ملاقات میں وزیراعظم نے بتایا کہ حکومت چاہتی ہے کہ ‏مدارس میں دینی تعلیم سمیت سائنسی اور ٹیکنیکل تعلیم بھی دی جائے۔ ‏حکومت مدارس کے طلبہ کو برابری کی بنیاد پر مواقع دینا چاہتی ہے۔ ‏حکومت چاہتی ہے کہ مدارس کے طلبہ بھی ڈاکٹر، انجینیر، آرمی افسر اور پولیس افسر بنیں۔

واضح رہے کہ علمائے کرام سے ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر تعلیم شفقت محمود، وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری، معاون خصوصی نعیم الحق، معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، معاون خصوصی یوسف بیگ مرزا بھی موجود تھے۔


ای پیپر