وزیر اعظم عمران خان نا اہلی کیس میں بچ گئے ،درخواست نا قابل سماعت
18 اکتوبر 2018 (17:18) 2018-10-18

اسلام آباد : عمران خان نا اہلی کیس میں بال بال بچ گئے ،سپریم کورٹ میں وزیر اعظم عمران خان کی اہلیت سے متعلق فیصلے پر نظر ثانی درخواست کی سماعت ہوئی جس کا فیصلہ سنا تے ہوئے سپریم کورٹ نے دا ئر اپیل مسترد کر دی ۔

وزیر اعظم عمران خان کی نا اہلی کیس کی سماعت میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کے وکیل اکرم شیخ نے کہا کہ عمران خان نے عدالت سے کئی حقائق چھپائے، کاغذات نامزدگی میں غلط بیانی کی اور جمائما کے اثاثے ظاہر نہیں کیے، عمران خان نے ٹکڑوں میں دستاویزات فراہم کیں جو غیر تصدیق شدہ اور ناقابل قبول ہیں،وکیل اکرم شیخ نے فیصلے پر نظر ثانی کے دلائل میں نواز شریف کے خلاف مقدمے کا بھی حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 5 رکنی بینچ نے کاغذات نامزدگی میں اقامہ چھپانے پر نواز شریف کو متفقہ طور پر نااہل کیا، اس کیس میں 5 رکنی بینچ کا فیصلہ تین رکنی بینچ پر لازم تھا۔

جسٹس عمرعطا بندیال نے کہا کہ پاناما اور عمران خان کیس کا موازنہ درست نہیں، ہر کیس کے اپنے حقائق ہوتے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اقامہ پر نااہلی پانچ رکنی بینچ کی نہیں تھی بلکہ جے آئی ٹی تحقیقات کے بعد تین رکنی بینچ نے نااہل کیا،اکرم شیخ نے کہا کہ سیاسی جماعت کے اکاونٹس کی پڑتال کے لیے الیکشن کمیشن کو عدالت نے پانچ سال تک محدود کر دیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اکاونٹس کی پڑتال کی قانون میں میعاد مقرر نہیں، پانچ سال تک اکاونٹس کی پڑتال کا فیصلہ ہر سیاسی جماعت پر لاگو ہو گا، عدالت نے سب کے لیے یکساں پیمانہ مقرر کیا ہے، عدالت پانچ سال کا وقت دینے کے موقف پر قائم ہے۔

سپریم کورٹ نے درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کردی,واضح رہے کہ 15 دسمبر 2017 کو سپریم کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو اہل جب کہ جہانگیر ترین کو نااہل قرار دیا تھا۔


ای پیپر