پاک افواج کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں: عارف علوی
18 اکتوبر 2018 (15:20) 2018-10-18

رسالپور :صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاک افواج کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں ، پاکستان کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان نے دنیا میں امن کیلئے اہم کردار ادا کیا ، عالمی برادری کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات چاہتے ہیں ۔

رسالپور پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں کیڈٹس کی پاؤسنگ آؤٹ پریڈکا معائنہ کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ تمام پاس آؤٹ کیڈٹس کو کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، ملکی کی ترقی کیلئے کیڈٹس کو تمام صلاحتیں بروئے کار لانی ہوں گی، فورسز کی تمام ضروریات پوری کی جائیں گی، انکو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کیلئے ہر اقدام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کیڈٹس کی بہترین صلاحیتوں کا اظہار اعلی تربیت کا مظہر ہے، ہر حال میں پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کی بہترین انجام دہی آپ کا فرض ہے۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان امن سے محبت کرنے والا ملک ہے اور ہمیشہ دوستانہ تعلقات کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور خاص طور پر اپنے ہمسائیہ ممالک سے اچھے تعلقات چاہتا ہے ہم بین الاقوامی برادری سے باہمی احترام کی بنیاد پر تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم نے پائیدار امن کے قیام کے لیے انسانی جانوں اور وسائل کی بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور ہم اس مقصد کے لیے مضبوطی سے کھڑے ہیں اور کسی شخص یا ملک کو اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ وہ ہمارے مقصد یا اقدامات کی غلط تشریح کرے ۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اس بات کا اعادہ کرتا ہوں کہ ہماری مسلح افواج کسی بھی دھمکی خطرے سے نمٹنے کے مکمل طور پر تیار ہیں ہماری مسلح افواج کا ماضی اس بات کا گواہ ہے کہ دھرتی ماں کے بیٹوں نے اپنی دھرتی ماں کی حفاظت اپنے پینے اور خون سے حفاظت کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایئر فورس نے بھی جنگ اور امن کے دنوں میں ملک کی حفاظت کے لیے بہادری کی شاندار مثالیں قائم کی ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ میں توقع کرتا ہوں کہ پاس ہونے والے کیڈٹس کو ماضی کے بہادر ایئر فورس کے جوانوں کی طرح تربیت دی گئی ہے اور وہ بھی اپنی ذمہ داریوں کی انجام دہی کے دوران بہادری کی نئی مثالیں قائم کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے تاہم ہم پر اعتماد ہیں کہ ہم اتفاق اور قومی سوچ کے ساتھ ان مسائل پر کامیابی سے قابو پا لیں گے ان کاکہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف بطور قوم ہماری جدوجہد نے خطہ اوربین الاقوامی سطح پر امن کے قیام کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کیخلاف مسلح افواج کے آپریشنز اور ان آپریشنز میں قوم کی حمایت کے نتیجہ میں بین الاقوامی سیکیورٹی صورتحال میں بے پناہ بہتری آئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایئر فورس نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پی اے ایف خود انحصاری کے حصول کے لیے کوشاں ہے ان کا کہنا تھا کہ ہم بطور معزز قوم اپنی دفاعی ضروریات کے لیے دوسروں پر انحصار نہیں کر سکتے۔ ان نے کہا کہ حکومت پاکستان پی اے ایف کی خود انحصاری کے حصول کی تمام کوششوں کی مکمل حمایت کرتی ہے اور ملکی دفاع کویقینی بنانے کے لیے مسلح افواج کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے لیے تمام وسائل فراہم کریگی۔


ای پیپر