فوٹوبشکریہ فیس بک

ابو ظہبی ٹیسٹ، اظہر علی کے انوکھے رن آﺅٹ نے نئی تاریخ رقم کر دی
18 اکتوبر 2018 (14:09) 2018-10-18

ابوظہبی: آسٹریلیا کے خلاف ابوظہبی ٹیسٹ کے تیسرے روز اظہر علی انوکھے اور مضحکہ خیر طریقے سے رن آﺅٹ ہوگئے۔

کھیل کے تیسرے دن 53ویں اوور میں پیٹر سڈل کی ایک گیند اظہر علی کے بلے کا کنارہ لے کر تھرڈ مین باﺅنڈری کی جانب گئی اور باﺅنڈری کے بالکل قریب جاکر رک گئی، اظہر علی اور اسد شفیق کے خیال میں گیند باﺅنڈری پار کرگئی تھی اور جب مچل سٹارک نے بال واپس وکٹ کیپر ٹی پین کی جانب پھینکی تو دونوں بلے باز وکٹ کے درمیان میں بت بنے کھڑے تھے اور ٹم پین نے وکٹ گرا کر اظہر علی کو 64رنز پر پوویلین واپس بھیج دیا۔

یاد رہے کہ ابوظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے پہلی اننگز میں 282 رنز بنائے جس کے جواب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 145 رنز پر آﺅٹ ہوگئی تھی، کھیل کے تیسرے روز پاکستان نے نامکمل اننگز کا آغاز کیا، حارث سہیل 17 اور اظہر علی 54 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے تاہم نیتھن لیون نے حارث سہیل کو اپنے سکور میں اضافہ کیے بغیر پویلین واپس بھیج دیا۔

کھیل کے دوسرے روز آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی، ایرن فنچ 39 اور مچل اسٹارک 34 کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا اور پوری ٹیم 145 رنز پر آﺅٹ ہوگئی۔ قومی ٹیم کی جانب سے محمد عباس نے 5، بلال آصف نے 3 اور یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ دن کے اختتام تک پاکستان بھی دوسری اننگز میں اپنی دو وکٹیں گنواچکا تھا، فخرزمان نے ایک بار پھر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 66 رنز کی اننگز کھیلی۔


ای پیپر