Lahore Qalandars, Chairman Fawad Rana, Karachi Kings, PSL title
کیپشن:   فائل فوٹو سورس:   
18 نومبر 2020 (09:05) 2020-11-18

کراچی: لاہور قلندرز کے چیئرمین کی کراچی کنگز کو ٹائٹل جیتنے پر مبارکباد، رانا فواد نے کہا کہ جیت کرکٹ کی ہوئی ہے، مداحوں نے بھر پور محبت دی۔

تفصیلات کے مطابق کل کھیلے گئے فائنل میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو آسانی سے ہرا کر پی ایس ایل کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

فائنل میچ میں لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 135 رنز بنائے ، اوپنرز نے 68 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن قلندرز کا مڈل آرڈر بلکل ناکام رہا۔ کراچی کی جانب سے وقاص مقصود ، عمید آصف اور ارشد اقبال نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ جبکہ 136 رنز کا ہدف کراچی نے ہنستے کھیلتے حاصل کر لیا۔

بابر اعظم نے 63 رنز بنائے۔ اوپننگ بلے باز نے 63 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی اور شاندار بلے بازی پر اُن کو مین آف دی میچ اور سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔

ادھر پی ایس ایل فائیو کی وننگ ٹیم کے کپتان عماد وسیم نے کہا کہ ٹیم کا کمبینیشن بنا ہوا تھا جو جیت کا سبب بنا ، انہوں نے مزید کہا کہ بابر اعظم نے بہت اچھی بیٹنگ کی، ہماری باولنگ بھی اچھی تھی جس کی وجہ سے کامیابی ملی۔ عماد وسیم نے فتح ڈین جونز کے نام کر دی۔

دوسری جانب لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے کہا کہ ہار جیت گیم کا حصہ ہے، ہم نے 15 سے 20 رنز کم بنائے 150 یا 155 رنز بنا لیتے تو نتیجہ کچھ اور ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ مداحوں کی توقعات پر پورا نہ اترنے پر معافی چاہتا ہوں۔

پی ایس ایل کا فائنل پہلی بار جیتنے پر کراچی کنگز کے کھلاڑیوں نے گراونڈ میں خوب جشن منایا ، ٹرافی کے ساتھ تصویریں بنوائیں اور خوب ہلہ گلہ کیا۔

ماہرین اور شائقین کرکٹ نے کراچی کنگز کی جیت کو پاکستان کی جیت قرار دیدیا۔


ای پیپر