دھرنا سیاست اور عوام!
18 نومبر 2019 2019-11-18

ملکی سیاست جس دوراہے پر آکھڑی ہوئی ہے اس سے حکومت سمیت ملکی سیاستدانوں کو سبق حاصل کرنا چاہیے سیاستدانوں کی جذباتی اور جارحانہ سیاست عوام کے لئے سوہان روح بنتی جا رہی ہے ۔کسی بھی سیاسی جماعت نے آج تک اپنے کارکنان کے لئے کوئی ایسا ادارہ نہیں بنایا جہاں انکی سیاسی شعور کی پختگی کے لئے تربیت کی جاتی ہو تاکہ سیاسی کارکنان ایسی سیاست کا حصہ بن سکیں جو ملک و ملت کے مفادات کی ضامن ہو۔پاکستان کی احتجاجی و دھرنا سیاست نے عوام کو ہمیشہ مایوس کیا جس کے باعث عوام کا اب روایتی دھرنا سیاست سے اعتماد اٹھتا جا رہا ہے۔اگر ملک میں ہونیوالے دھرنوں کی سیاست پر نظر دوڑائی جائے تواسلام آباد پارلیمنٹ کے سامنے پہلا دھرنا تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے رہنما مفتی جعفر حسین کی قیادت میں جنرل ضیاء کے زکوۃ آرڈیننس کیخلاف دیا گیا تھا پانچ جولائی 1980ء کو دئے جانیوالے اس دھرنے کے اگلے روز ہی جنرل ضیاء نے اہل تشیع کو اس آرڈیننس سے مستثنیٰ قرار دیدیا تھا۔اگر ملکی احتجاجی سیاست پر نظر دوڑائی جائے تو ملک میں دھرنوں کی سیاست کا موجد جماعت اسلامی کو کہا جاتا ہے میر مرتضی بھٹوقتل کے ایک ماہ بعد سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد مرحوم نے بے نظیر حکومت کیخلاف اکتوبر 1996ء میں ہزاروں افراد کیساتھ اسلام آباد میں دھرنا دیا اور نومبر میں سابق صدر مملکت فاروق لغاری نے بے نظیر بھٹو کی دوسری حکومت کو برطرف کر دیا ۔دوسرا دھرنا دسمبر 2010ء میں صیہونی قوتوں کی خواہشات کی تکمیل کے لئے قبائلی علاقوں میں فوجی آپریشن اور مذہب کے قانون میں ترمیم کے ممکنہ خدشات کے پیش نظر سابق امیر جماعت اسلامی منور حسین کی قیادت میں پارلیمنٹ کے نزدیک پریڈ گرائونڈ میں علامتی دھرنا دیا گیا۔جنوری 2013ء میں ڈاکٹر طاہر القادری نے ملک میں بہتر گورننس کے انقلاب اور انتخابات کے نظام میں شفافیت کے لئے اسلام آباد میں دھرنا دیا اور ایک سال بعد تحریک انصاف حکومتی پارٹی نے انتخابات میں مبینہ طور پر کی گئی دھاندلی کیخلاف اسلام میں آباد میں دھرنا دیا اور اس دھرنا میں ڈاکٹر طاہر القادری کی جماعت بھی شریک رہی اور یہ ملکی تاریخ کا طویل ترین دھرنا تھا جو تین ماہ سے زائد مدت تک جاری رہا یہی نہیں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے گذشتہ حکومت کے دور اقتدار میں بطور اپوزیشن ڈرون حملوں کیخلاف دھرنا دیا اور یورپی یونین اور امریکی فوجیوں کے لئے راشن لے جانے والے ٹرک روک دئے تھے۔تحریک انصاف کی حکومت جب اقتدار میں آئی تو تحریک لبیک کے سربراہ خادم حسین رضوی نے اسلام آباد کی جانب مارچ کرتے ہوئے الیکشن بل 2017ء آئینی ترمیم میں حلف نامہ کے الفاظ کو بدلنے کیخلاف دھرنا دیدیا اور مطالبہ کیا گیا کہ وفاقی وزیر قانون زاہد حامد سے استعفیٰ لیا جائے اس مطالبہ کے بعد وزیر قانون زاہد حامد نے استعفیٰ دے دیا اور خادم حسین رضوی نے حکومت کیساتھ مذاکرات کئے اور ایک معاہدے کے تحت یہ دھرنا ختم کر دیا گیا۔اب جمعیت علمائے اسلام نے مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں کراچی سے مارچ شروع کیا اور اسلام آباد پہنچتے ہی یہ آزادی مارچ وزیراعظم عمران خان کے استعفیٰ کے مطالبے کیساتھ دھرنا میں تبدیل ہو گیالیکن استعفیٰ تو نہیں ملا لیکن مولانا چند دنوں بعد ہی دھرنا شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیساتھ اپنے کارکنان سمیت پلان بی میں داخل ہو گئے ۔ ملک کا سیاسی نظام ان دنوں بہت سی پیچیدگیوں اور الجھنوں کا شکار ہے ملک میں ایسی بے یقینی کی صورتحال نے جنم لے لیا ملکی سیاست میں اس انداز سے اتھل پتھل ہو رہی ہے جہاں کچھ بھی ہو سکتا ہے عوام جو پہلے ہی مسائل کی دلدل میں پور پور ڈوبی ہوئی ہے ان مسائل کے حل کے لئے واضح حکمت عملی اور اقدامات ترجیہی بنیادوں پر نہیں اٹھائے جا رہے۔ پاکستان میں بد قسمتی سے سیاسی خاندانوں کی اجارہ داری نے پورے سیاسی نظام کو ڈکٹیٹ کیا ہوا ہے گذشتہ تین دہائیوں سے ایسے سیاسی نظام کو پروان چڑھایا گیا جہاں غریب اور امیر کے درمیان طبقاتی سرخ لکیر کھینچ دی گئی ہے ۔سیاسدانوں کی کرپشن و بدعنوانی‘نا اہلیت اور مفادت کی سیاست کی ترجیحات نے ملکی سیاسی نظام کو اس دوراہے پر لا کھڑا کیا جہاں اب یہ نظام بہت بڑے آپریشن کا متقاضی ہے سیاستدانوں نے جو منافقانہ سیاست کے بیج بوئے وہ اب کھل کر ان کے سامنے آرہے ہیں۔ملک میں جو مفاداتی سیاست کی گرہ سے بندھی ٹیسٹ ٹیوب جمہوریت کی آبیاری ملکی سیاستدانوں نے کی اس کے ثمرات سے یہ خود تو فیض یاب ہوتے رہے لیکن عوام جمہوری لوازمات سے یکسر محروم ہی رہی۔جب بھی ان کے مفادات خطرات سے دوچار ہوتے ہیں تو ملک میں ایک احتجاجی سیاست کی لہر جنم لے لیتی ہے حکومت اور اداروں پر اس احتجاجی سیاست کے ذریعے اتنا دبائو بڑھا دیا جاتا ہے کہ معاملہ کچھ لو اور دو پر آکر ختم ہوتا ہے ۔سیاستدانوں کے اس احتجاجی اور دھرنا سیاست کے باعث عوام بالکل بیزار ہو چکی ہے کیونکہ اب تک ملک میں جتنے بھی احتجاج‘لانگ مارچ یا دھرنے ہوئے وہ صرف مفادات کے حصول یا اقتدار حاصل کرنے کے لئے کئے گئے جس کے باعث عوام کے مسائل میں کمی واقع نہیں ہوئی بلکہ ملک کی معشیت کو جہاں ناقابل تلافی نقصان ہوا وہیں سیاسی عدم استحکام کیوجہ سے ملک ترقی کے زینہ پر قدم نہیں رکھ سکا مفاد عامہ سے عاری اس احتجاجی سیاست نے ملک و ملت کے مسائل اور چیلجز میں اضافہ کیا۔المیہ یہ ہے کہ دنیا میں جتنی بھی احتجاجی تحریکوں نے جنم لیا اس میں سے بیشتر اس لئے کامیاب ہوئیں کیونکہ یہ تحریکیں عوام کو درپیش گھمبیر مسائل کے پیش نظر چلائی گئی تھی جس کے باعث حکومتوں کی تبدیلیاں اور ممالک کی بہتر گورننس کے لئے نظام وضع کئے گئے لیکن پاکستان میں جتنی بھی احتجاجی تحریکیں چلائی گئی ان کا محور و مرکز صرف ذاتی مفادات اور اقتدار کا حصول ہی رہا جس کے باعث ملکی سیاست کرپٹ و بدعنوان سیاستدانوں کی محافظ بن چکی ہے۔عام آدمی جو آج بھی مہلک مسائل کے باعث پریشان اور بدحال ہے دانشمندوں کے لئے تاریخ اپنے اندر سبق سموئے ہوئے ہے اگر پاکستان میں امریکہ‘برطانیہ اور دیگر ترقی یافتہ ممالک کی طرح طالع آزمائی نہ ہوتی تو آج یہ ملک بھی اکیسویں صدی کے تقاضوں کے ہم آہنگ ہو کر ترقی یافتہ ممالک کے ہم رکاب ہوتاہم جہوریت پر تجربات کرنے کے باوجود عوام کو حقیقی قیادت فراہم نہیں کر سکے ہم آج بھی دنیاکے مہذب و ترقی یافتہ معاشروں کے مقابلہ میں نصف صدی پیچھے ہیں ان حالات میں سوال یہ ہے کہ کمزور جمہوری نظام اور سیاستدانوں کی مفادات سے جڑی سیاست کب تک عوام کی خواہشات‘امیدوں اور جذبات سے کھیلتی رہے گی ملک کی احتجاجی اور روایتی سیاست تب تک ملک و ملت کے مفادات کو ڈستی رہیگی جب تک عوام خود اس فرسودہ نظام اور اس سے جڑے طوطا چشم سیاستدانوں کو اپنے دوام سے عبرت کا رزق نہیں بنائے گی۔


ای پیپر