’’ آم اور جام کی خواہش ۔۔۔ کتے کا ڈائٹ پلان ؟‘‘
18 نومبر 2018 2018-11-18

میں سو رہا تھا ۔۔۔ نہایت باریک مگر تیز کتے کی آواز نے مجھے جگا دیا ۔۔۔

اک نہایت خوبصورت کتا ۔۔۔ ساتھ چوہدری بھی تھا ۔۔۔ چوہدری عامر کو میں نے اس سے پہلے اس قدر پریشان نہیں دیکھا تھا ۔۔۔ چوہدری کیا پریشانی ہے؟ ۔۔۔ کتے کو پچکار رہا تھا مگر سوچوں میں گم ۔۔۔ کتے کا ’’ ڈائٹ پلان ‘‘ تیار کر رہا ہوں! ۔۔۔ سمجھ نہیں آتی کیا کروں؟ ۔۔۔ ’’بجٹ‘‘ ۔۔۔ ہاتھ سے نکلتا چلا جا رہا ہے ۔۔۔ نیندیں اُڑ گئی ہیں، کتے کی حالت دیکھتا ہوں تو دل خون کے آنسو روتا ہے ۔۔۔ ابھی کل خریدا ہے ستر ہزار میں ۔۔۔ ’’ کتے سے مشورہ کر لیں‘‘ ۔۔۔ میں نے غیر ارادی طور پر کہا ۔۔۔؟

’’اس کو یہ عادت مت ڈالیں ۔۔۔ ورنہ ہر کام میں مشاورت شروع کر دے گا ۔۔۔ پنچائیت میں بھی بڑی چارپائی پر ساتھ بیٹھنے لگ جائے گا ۔۔۔ اور چوک میں کھڑے لڑکوں پر بھونکنا شروع کر دے گا ۔۔۔ خود کو ’’بڑا‘‘ سمجھتے ہوئے‘‘ ۔۔۔؟ ( کیا کہنے ۔۔۔ کیا تبصرہ کیا چوہدری نے؟) ۔۔۔

چوہدری عامر نے ڈرتے ڈرتے کہا ۔۔۔ ’’پھر کسی فنانس کے ماہر سے بات کریں؟‘‘ ۔۔۔ ویسے تو وہ آجکل بجٹ بنانے میں مصروف ہیں ۔۔۔ ایک دوست ہیں اس کی ایک عدد منگیتر کی بھی تلاش ہے؟ ۔۔۔ جو مالک کو کرتا دیکھے گا وہی ڈیمانڈ کرے گا ناں‘‘ ۔۔۔ اخبار میں اشتہار دیں اس کام کے لیے ۔۔۔ میری اس درخواست پر چوہدری عامر کی ہنسی نکل گئی ۔۔۔

’’خیر ہے چوہدری‘‘ ۔۔۔؟! رشتے تو ایسے ہی تلاش ہو رہے ہیں آجکل ’’قبول صورت مردوں‘‘ کے ۔۔۔ ’’میں نے تو اپنی شادی کے لیے اخبار میں اشتہار نہیں دیا تھا ۔۔۔ اس بیچارے کتے کے لیے کیا اشتہار دوں گا‘‘ ۔۔۔ چوہدری نے شرماتے ہوئے بتایا ۔۔۔

کسی رشتے کرانے والی ’’مائی‘‘ سے بات کریں ۔۔۔ کتے کا پروفائل ’’فیس بک‘‘ پہ چڑھا دیں، کچھ بڑھا چڑھا کے دکھانا ۔۔۔ اور ۔۔۔ ہاں ’’فوٹو‘‘ ۔۔۔ ’’ری ٹچ‘‘ کروا کے لگانا ۔۔۔ ’’جوانی‘‘ کی فوٹو لگ جائے تو زیادہ بہتر ہے رنگین فوٹو مت لگائیں، بلیک اینڈ وائٹ ٹچ دیں ۔۔۔ یونیک لگے گا ۔۔۔ ویسے فوٹو میں کتا، کتا لگنا چاہئے ۔۔۔ اس کی میک اپ کر کے بندریا جیسی شکل نہ ہو جائے ۔۔۔ آجکل کے دستور کے مطابق ۔۔۔

چوہدری کو یہ بات پسند آئی شاید ۔۔۔ بھاگ نکلا ہاتھ چھڑا کے ۔۔۔

ایک گھنٹے میں چوہدری ہانپتا کانپتا ۔۔۔ آ گیا ۔۔۔ ہاتھ میں ایک بڑا سا تھیلا تھا ۔۔۔ اس پر کسی ملٹی نیشنل کمپنی کا مونو گرام بنا ہوا تھا ۔۔۔ چوہدری کیا لے آئے ہو ۔۔۔ لگتا ہے بھابھی کے لیے اُن کی سالگرہ پر کوئی تحفہ لائے ہو ۔۔۔ ’’یار نہیں‘‘ ۔۔۔ چوہدری نے سانس لیتے ہوئے کہا ۔۔۔

اصل میں تم لکھنے لکھانے والی بات کرتے ہو ۔۔۔ لمبی اور ہمیشہ کی طرح عادت پوری کرتے ہوئے نصیحت کرتے ہو، مشورہ دیتے ہو اور ساتھ ساتھ ڈراتے بھی ہو ۔۔۔ میں اگر تمہاری یہ لمبی تقریر یا الجھی ہوئی گفتگو میں پھنس جاتا تو کتا مر جاتا ۔۔۔ ابھی تو میں نے اس کے لیے ۔۔۔ ایمپورٹڈ شیمپو، سٹیل کی نہایت نفیس کنگھی بھی خریدنی ہے ۔۔۔ باڈی سپرے بھی ۔۔۔ ولائتی فلیور والے ۔۔۔؟ (کیا خوش قسمت کتا ہے چوہدری کا ؟ ۔۔۔ اُدھر عمران خان نے اپنے کتے شیروؔ کو گھر سے نکال دیا ہے کتا اب باہر بیٹھے گا ۔۔۔ شاید خان صاحب اُس کا نام بھی بدل دیں ۔۔۔؟ کور کمیٹی کے اجلاس میں بھی یہ معاملا رکھا جا سکتا ہے؟)۔۔۔

’’یہ کیا ہے‘‘ ۔۔۔ میں نے تھیلا چیک کرنا چاہا ۔۔۔ چوہدری نے تھیلا مجھ سے چھڑا لیا ۔۔۔ میں نے زور سے پکڑ کر چھینا ۔۔۔ تو بہت سے بسکٹ کے پیکٹ اِدھر اُدھر بکھر گئے ۔۔۔ میں نے ایک پیکٹ کھولا اور بسکٹ کھانے لگا ۔۔۔ چوہدری کیا لذیذ ہیں بسکٹ ۔۔۔ پاکستان میں اتنے لذیذ بسکٹ نہ بنتے نہ ہی کھائے جاتے ہیں ۔۔۔؟ (کل کو یہ کتا آم اور جام کی بھی خواہش کرئے گا؟)

’’چھوڑ دو چھوڑ دو ۔۔۔ کتے کے لیے لایا ہوں‘‘ ۔۔۔ ’’چلو یہ دو ڈبے تو مجھے دے دو ۔۔۔ میرے ’’جوٹھے‘‘ بسکٹ تو بیچارے کتے کو مت کھلانا ۔۔۔ میں نے درخواست کی تو چوہدری بگڑ گیا ۔۔۔ اگر یہ MA کی ڈگری تمہارے پاس نہ آتی تو ۔۔۔ ہم نے تمہیں بھٹے پہ اینٹوں کی گنتی پر لگا دینا تھا یا پھر تم کسی مسجد کے باہر بیٹھے مسواکیں بیچ رہے ہوتے‘‘ ۔۔۔ ؟

چوہدری نے اپنا غصہ نکال لیا ۔۔۔ بڑے برتن میں دودھ ڈالا اور ایمپورٹڈ بسکٹ کتے کے لیے دودھ میں بھگونے لگا ۔۔۔

چوہدری اللہ کے لیے سچ بتانا ۔۔۔ ’’ایسے بسکٹ تم نے خود کبھی کھائے ہیں‘‘ ۔۔۔ ’’نہیں‘‘ ۔۔۔ چوہدری بولا، پھر وضاحت کرنے لگا ۔۔۔ ’’باؤ یہ تم شہری لوگ بسکٹ کھاتے ہو ۔۔۔ ہم تو رس کھاتے ہیں یا پھر ساگ اور مکئی کی روٹی‘‘ ۔۔۔؟

میں کچھ دن کے لیے لاہور سے باہر چلا گیا ۔۔۔ میرا خیال تھا چوہدری کا کتا بہت بڑا ہو چکا ہو گا ۔۔۔ ولائتی بسکٹ کھا کھا کے دودھ مکھن پی پی کے اور چوہدری کے منہ پر Kiss کر کر کے ۔۔۔؟ یہ Kiss والی تصویر فیس بک پر وائرل ہو چکی ہے۔۔۔؟

ارے یہ کیا ۔۔۔ کتا تو ۔۔۔ اُسی سائز کا ہے ۔۔۔ جس سائز میں ۔۔۔ میں اُسے چھوڑ کر گیا تھا چوہدری ۔۔۔

وہی چوہدری صاحب ۔۔۔ جس کو آپ لوگوں نے گارڈ آف آنر دے کر رخصت کیا تھا ۔۔۔ سنا ہے وہ کتوں سے بہت محبت کرتا تھا اور جب اُس نے اقتدار سنبھالا تھا ۔۔۔ اُس کی اخبارات کے فرنٹ پیج پر تصاویر بھی چھپی تھیں ۔۔۔ کتوں کے ساتھ ۔۔۔؟ (آقا کو خوش کرنے کے لیے لوگ کیا کیا پاپڑ بیلتے ہیں) ۔۔۔

’’اچھا وہی ۔۔۔ جس کے بارے میں بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ وہی اصل میں بے نظیر شہید کا قاتل ہے‘‘ ۔۔۔ چوہدری نے وضاحت کی ۔۔۔؟ (04، اپریل پر بھی بلاول بھٹو زرداری خاصہ غصے میں تھا)؟ ۔۔۔

ویسے چوہدری ہمیں شرم آنی چاہئے ۔۔۔ ہم کتنے ظالم لوگ ہیں ۔۔۔ قاتل کو بھی گارڈ آف آنر دے کر رخصت کرتے ہیں؟۔۔۔

چوہدری کتے کو خربوزے کھلاتے ہیں؟ ۔۔۔ بکواس نہ کیا کر ۔۔۔ چوہدری نے ناگواری کا اظہار کیا ۔۔۔ ’’اچھا چلو یہ بتاؤ۔۔۔ اس کی ہونے والی دلہن کے لیے زیور خریدا ہے‘‘ ۔۔۔؟ ابھی مناسب رشتہ ہی نہیں ملا ۔۔۔ زیور کیا لیں گے ویسے بھی اس کی ٹہل، سیوا پر ہی بہت خرچا اُٹھ رہا ہے ۔۔۔ میں تو پھنس گیا ہوں ۔۔۔ اپنی اوقات سے بڑی ’’چیز‘‘ خرید کے ۔۔۔؟

چوہدری تمہیں پتہ ہے ۔۔۔ ہمارے محلے میں جب ہم چھوٹے تھے سائیکل پر ڈبل روٹی بیچنے والا ہوا کرتا تھا ۔۔۔ امی جان ایک ڈبل روٹی لے لیتیں ۔۔۔ اور میں چائے کے ایک کپ میں پوری کی پوری ڈبل روٹی ڈبو ڈبو کے کھا جاتا ۔۔۔ اور ’’باقی گھر والے‘‘ چوہدری نے حیرت سے پوچھا ۔۔۔ باقی گھر والے دادا جان، والد صاحب مزدور لوگ تھے وہ رات کے بچے سالن سے دو دو روٹیاں کھا کے کام پر چلے جاتے ۔۔۔؟ (چوہدری سچ سن کے گھبرا گیا) ۔۔۔

وہی ہمارا قومی قسم کا ’’ ڈائٹ پلان ‘‘ ۔۔۔ چوہدری کے چہرے پر خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔۔۔ خیر ہے چوہدری میں نے پوچھا ۔۔۔ بس اب یہی ہو گا قومی قسم کا ڈائٹ پلان ۔۔۔ اب کتا بھی رات کی بچی روٹیاں پانی میں بگھو کر کھائے گا اور موج کرے گا۔۔۔؟

شاباش چوہدری ۔۔۔ یہ ہوئی نہ چوہدریوں والی بات ۔۔۔؟

میں نے تھپکی دی اور چوہدری ہنستا ہوا ۔۔۔ ’’قومی ڈائٹ پلان ‘‘ کو عملی جامہ پہنانے کے لیے چل پڑا ۔۔۔!

پیچھے سے کتے کے بھونکنے کی آواز آ رہی تھی ۔۔۔ شاید وہ ’’میرے مشورے‘‘ پر پریشان ہوا ۔۔۔ اور ’’احتجاج‘‘ کر رہا تھا۔۔۔؟!


ای پیپر