پاکستان میں کرونا وائر س کے پیش نظر بیوٹی پارلرز اورحجام کی دکانیں بند
18 مارچ 2020 (17:59) 2020-03-18

جمرو د : پاکستان میںکرونا وائرس کے پیش نظر جہاں سکول ،کالج ،یونیورسٹیوں کو بند کر دیا گیا وہیں دینی مدارس سمیت شادی بیاہ اور دیگر تقریبات پر پابندی لگا دی گئی ہے ،اب خبروں کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے واضح کیا کہ صوبے میں کسی قسم کا کوئی کرفیو نہیں لگا یا جارہا صوبے کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے فی الحال بیوٹی پارلرز اور حجام کی دکانوں کو بھی بند کرنے کے احکامات جار ی کر دئیے گئے ہیں ۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تمام بڑی مارکیٹس صبح 10 بجے سے شام 7 بجے تک کھلی رہیں گی، بیوٹی پارلرزاور حجام کی دکانیں 15 دنوں کے لیے بند کردیں، سرکاری دفاتر میں دن 12 بجے چھٹی ہوگی، میڈیکل اسٹور، کریانے اور راشن کی دکانیں 24 گھنٹے کھلی ہونگی، سرکاری اجلاسوں میں صرف 5 افراد شریک ہوسکیں گے۔

بعدازں صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا تھا کہ صوبہ میں کرونا کے مزید تین کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد صوبہ میں کرونا کیسز کی تعداد 19 ہوگئی ہے، کرونا کا ایک کیس مردان میں آیا ہے، متاثرہ شخص سعودی سے واپس آیا تھا، کرونا کا دوسرا کیس ہنگو ٹل سے آیا ہے جبکہ تیسرا کیس بونیر سے ہے جو شارجہ سے واپس آیا تھا۔


ای پیپر