پنجاب یونیورسٹی کے طالبعلم نے کورونا کا علاج ڈھونڈ لیا
18 مارچ 2020 (17:29) 2020-03-18

لاہور: پنجاب یونیورسٹی کے طالب علم حافظ مزمل نے کورونا وائرس کا جدید ویکسینیشن ماڈل تیار کرنے کا دعوی کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی سائنسدان کا تحقیقی مقالہ ایم ڈی پی آئی کے سب کنٹینینٹ پری پرنٹ نے شائع کیا۔ پنجاب یونیورسٹی کے طالب علم نے کورونا وائرس کے چار اہم پروٹین پر تحقیق کی۔ ویکسین کے تمام تجربات کمپیوٹیشنل سافٹ ویئر اور ڈیٹا بیسزکے ذریعے کیے گئے۔حافظ مزمل کا کورونا وائرس پر تحقیقی مقالہ بین الاقوامی جریدے میں بھی شائع ہو چکا ہے۔

ایک انٹرویو میں حافظ مزمل نے بتایا کہ وہ پی ایچ ڈی سکالر ہیں اور پنجاب یونیورسٹی میں اسسٹنٹ رجسٹرارتعینات ہیں۔حافظ مزمل فرانزک سائنسدان کے طور پر بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے دعوی کیا کہ کم وقت میں کسی ویکسین کو بنانے کے لئے کمپیو ٹیشنل ٹیکنالوجی استعمال کی جاتی ہیں۔

یاد رہے کہ کورونا وائرس دنیا کے 165ممالک میں پھیل چکا ہے اور اس سے 2لاکھ کے قریب افراد متاثر ہیں جب کہ 7991 ہلاک ہوئے ہیں۔دنیا کی تمام بڑی کمپنیاں اس وقت کورونا وائرس کی ویکسین تیار کرنے کیلئے دن رات کوشش کر رہی ہیں۔


ای پیپر