Image Source : Twitter

نواز شریف کی رہائی کیلئے مریم نواز نے کس سے مدد طلب کر لی ,مبینہ خط کی حقیقت سامنے آگئی
18 مارچ 2019 (18:40) 2019-03-18

اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز شریف کی طرف سے پاکستان میں امریکی سفیر پال جونز کولکھے جانے والے مبینہ خط کے حوالے سے امریکی سفارتخانے نے لاعلمی کا اظہارکیاہے۔

امریکی سفارتخانے کے ترجمان کی طرف سے کہا گیاہے کہ امریکی سفارتخانہ کو مریم نواز شریف کی جانب سے کبھی ایسا خط موصول نہیں ہوا۔ترجمان نے کہا کہ مریم نواز شریف سے حال ہی میں کسی امریکی عہدے دار کی ملاقات بھی نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ خط کے اصلی یا جعلی ہونے کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے۔تاہم سفارتخانے کو مریم نواز یا مسلم لیگ ن کی لیڈر شپ کی جانب سے کوئی مراسلہ نہیں ملا۔

مریم نواز نے بھی خود اپنے ٹویٹ کے ذریعے خط کو جعلی قرار دیا ہے۔یاد رہے کہ ہفتے کے روز سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز سے منسوب ایک خط ٹوئٹر پر شیئر کیا گیا جس میں اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کے ناظم الامور کو مخاطب کیا گیا ہے ۔سوشل میڈیا پر پھیلائے گئے خط میں امریکی حکومت سے نواز شریف کی مدد کرنے کی اپیل کی گئی تھی ۔ اس خط پر سات مارچ کی تاریخ درج ہے اور مریم نواز کے دستخط بھی نقل کیے گئے ہیں ۔اتوار کو اس خط پر مسلم لیگ ن کی جانب سے سخت ردعمل ظاہر کیا گیا اور کئی رہنماوں نے اس خط کو جعلی قرار دیا ۔


ای پیپر