لاہوریوں کیلئے وزیر اعظم عمران خان کا شاندار رہائشی منصوبہ
18 جولائی 2020 (21:04) 2020-07-18

لاہور:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ہر رکاوٹ ترجیحی بنیادوں پر دور کرنے کے لئے پر عزم ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے راوی ریورفرنٹ اربن ڈویلپمنٹ منصوبہ کی سٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی ۔ چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے وزیراعظم کو منصوبہ پر بریفنگ دی۔

بریفنگ کے دوران وزیراعظم عمران خان نے منصوبے پر عملدرآمد کے دوران ماحولیاتی تحفظ اور واٹر کنزرویشن کے لئے سختی سے عملدرآمد کی خصوصی تاکیدکی ۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یہ منصوبہ پنجاب کی معیشت اور لاہور شہر کی رہائشی ضروریات پورا کرنے کے لیے نہایت اہم ہے،کرونا سے پیدا ہونے والی مشکل معاشی صورتحال میں اس منصوبے سے لوگوں کو نوکریاں دینے میں مدد ملے گی۔

راوی ریورفرنٹ پراجیکٹ سے لاہور کے رہائشیوں کے لیے پانی کی کمی سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ہر رکاوٹ ترجیحی بنیادوں پر دور کرنے کے لئے پر عزم ہے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ پراجیکٹ کی تکمیل کے دوران ماحولیاتی نظام پر منفی اثرات مرتب نہ ہوں اور واٹر کنزرویشن کا خاص خیال رکھا جائے۔منصوبے میں زیادہ سے زیادہ مقامی طور پر تیار کیا جانے والے میٹریل استعمال کیا جائے تاکہ مقامی صنعتوں کو ترقی ملے۔ وزیراعظم نے کہاکہ اس منصوبے سے اسلام آباد کی طرز پر جدید اور ماڈرن سٹی کا قیام عمل میں آئے گا، ٹائم لائنز کے تحت منصوبے کا جلد از جلد آغاز کیا جائے۔ اجلاس میں وزیر ہائوسنگ میاں محمود الرشید، وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان، وائس چیئرمین لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی شیخ محمد عمران، مشیر وزیر اعلی برائیخزانہ ڈاکٹر سلمان شاہ، چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک اور چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ حامد یعقوب شیخ نے شرکت کی۔علاوہ ازیںزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پنجاب میں صحت کے شعبے کی ترقی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد ، صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت، صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان اور سینئر افسران شریک تھے ۔اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان کو پنجاب میں صحت کے شعبے میں جاری اور نئے تجویز کردہ صحت کے منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم عمران خان نے صحت کے شعبے میں جاری منصوبوں کی جلد اور معیاری تکمیل اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے تمام بڑ ے ہسپتالوں میں معیاری سہولیات کی فراہمی اور صفائی ستھرائی کے حوالے سے فوری اقدامات کئے جائیں ۔

وزیر اعظم عمران خان نے صحت سہولت پروگرام کے تحت عوام کو انشورنس کی کامیاب فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ ماضی میں صحت عامہ کے شعبے کو فنڈز فراہم نہیں کئے گئے اور نظر انداز کیا گیا جس کا خمیازہ عام آدمی بھگت رہا ہے ، ماضی میں صحت کے شعبے کو نظر انداز کرنے کی وجہ سے کورونا کی وبا ء سے نمٹنے کے لئے بے شمار مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ موجودہ حکومت نے اس امر کو مدنظر رکھ کر صحت کے شعبے میں جامع اصلاحات کا پروگرام متعارف کرایا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ صحت کے مراکز اور ہسپتالوں کی استعدادِ کار بڑھانے کے حوالے سے جامع پلان ترتیب دیا جائے۔

وزیراعظم نے مستقبل کے مجوزہ صحت کے منصوبوں پر ترجیحات مرتب کرتے ہوئے ایکشن پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی ۔وزیراعظم کو اجلاس کے دوران آگاہ کیا گیا کہ لاہور میں کوروناوائرس کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات کی وجہ سے صورتحال میں بہتری آئیہے۔وزیراعظم نے عیدالاضحی اور محرم الحرام کے موقع پر حفاظتی تدابیر اور ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمدکرانے کی ہدایت کی۔


ای پیپر