جو بھی کرپشن میں ملوث ہے اس کا احتساب ہوگا:فردوس عاشق اعوان 
18 جولائی 2019 (20:17) 2019-07-18

لاہور:وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی نیب کو بلا بلا کر کہہ رہے تھے کہ مجھے گرفتار کرو، اب شاہد خاقان چوری کھانے والے مجنو ںنہ بنیں، آپ کو مکافات عمل سے گزرنا ہوگا،نیب سے راہ فرار اختیار کرنے والے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری سے ان کی اپنی دلی خواہش پوری ہوئی، سب سمجھ لیں کوئی مقدس گائے نہیں،جو بھی کرپشن میں ملوث ہے اس کا احتساب ہوگا۔

شہباز شریف کے چہرے کا زرد رنگ بتا رہا ہے کہ قانون رنگ دکھا رہا ہے،لیگی قیادت کی حکومت پر الزام تراشیاں اور وزیر اعظم کو احتساب کے عمل میں گھسیٹنا ان کی عمران خان سے ذاتی عداوت ، بغض اور حسد کو واضح کرتا ہے ،وزیر اعظم کا صرف اتنا جرم ہے کہ انہوں نے ملک میں قانون کی حکمرانی اور قانون کے یکساں اطلاق کو یقینی بنایا، ماضی میں قانون کو تابع رکھنے والے آج خود قانون کے تابع آرہے ہیں اگر انہوں نے کچھ غلط نہیں کیا تو میڈیاپر ثبوت دینے کی بجائے عدالتی فورم استعمال کرکے وہاں اپنی بے گناہی کا ثبوت دیں ۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت جس جس کی داڑھی میں تنکا ہے اور اس کا ضمیر مطمئن نہیں وہ پریشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے داماد علی عمرا ن کے حوالے سے کہاکہ ایسا لگتا ہے کہ شہباز شریف علی عمران کو پوری قوم کا داماد ثابت کرنے پر تلے ہوئے ہیں ۔جو ملک کو قرضوں کے سمندر میں غوطے کھاتا چھوڑ کر چلے گئے اس کو پاﺅں پر کھڑے کرنے کیلئے ان لوگوں نے جو جائیدادیں ملک سے باہر بنائیں انہیں ملک میں واپس لانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے دور حکومت میں قانون کا اطلاق یکساں ہو رہا ہے اور انہوں نے اداروں کو اختیار دیا ہے کہ جو بھی کرپٹ پریکٹسز یا اختیارات کے ناجائزاستعمال میںملوث ہے خواہ وہ حکومت میں ہو یا اس کا تعلق اپوزیشن سے ہو قانون کی نظر میں سب یکساں ہیں اور کوئی مقدس گائے نہیں۔


ای پیپر