وزیر اعظم عمران خان کو یہ سودا مہنگا پڑے گا :میاں شہباز شریف
18 جولائی 2019 (17:48) 2019-07-18

لاہور :مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری عمران خان اور نیب کی ملی بھگت ہے ، وزیر اعظم عمران خان کو یہ سودا مہنگا پڑے گا ۔

شہباز شریف نے کہا عمران خان جتنا مرضی ظلم کر لیں ہمارے ساتھ پہلی بار ایسا نہیں ہوا ،ہماری جائیدادیں اور گھر پہلی بار منجمد نہیں ہو رہے ،یہ سب اس لیے کیا جا رہا ہے کہ عوام 15روپے والی روٹی اور 20روپے والے نان پر شور شرابا نہ کریں ،عوام کا دھیان کرپشن کے شور شرابے کی طرف لگا کر غریب عوام سے دوائیاں چھین لی گئی ہیں ،ہم عمران خان کو معیشت تباہ کرنے کا این آر او نہیں دینگے ۔

انہوں نے سابق وزیراعظم کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نیب کے ادارے کو سیاسی انتقام کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے، شاہد خاقان عباسی کو بھونڈے طریقے سے گرفتار کیا گیا،شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان نے گزشتہ گیارہ ماہ میں ملکی معیشت کا جنازہ نکال دیا، بجلی پیدا کرنے والے منصوبے کھڈے لائن لگا دیے۔ پانچ ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے نہ لگتے تو لوگوں کو سخت گرمی میں لوڈشیڈنگ کا پتا چلتا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایل این جی گیس کی وجہ سے آج گیس لوڈشیڈنگ نہ ہونے کے برابر ہے، اس کا کریڈٹ شاہد خاقان عباسی کو جاتا ہے، لیکن جس حکومت نے بھرپور محنت سے ملک کے بڑے مسائل حل کیے، وہ آج انتقام کا نشانہ بن رہے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی کا قصور صرف یہ ہے کہ وہ نواز شریف کے وفادار ساتھی ہیں۔

شہباز شریف نے چیئرمین نیب سے گزار ش بھی کی کہ عمران خان کا آلہ کار نہ بنیں ،ڈیلی میل کی کہانی اس طرح مضحکہ خیز ہے جس طرح رانا ثنا ءاللہ پر منشیات کی پڑیاں ڈالی گئیں ، عمران خان ہم تمہارے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں ،شہباز شریف نے لندن اخبا ر میں چھپنے والے اپنے الزامات پر دوٹوک اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ برطانیہ میں ایک سسٹم ہے اس کو فالو کرنا پڑتا ہے ،اگر برطانوی عدالت سے میرے خلاف فیصلہ آیا تو سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر لونگا ۔


ای پیپر