کیپٹن(ر) صفدرکی گرفتاری میں رکاوٹ ڈالنے والے (ن) لیگی رہنمائوں کی ضمانت میں توسیع
18 جولائی 2018 (15:47) 2018-07-18

راولپنڈی: ایون فیلڈ ریفرنس میں قید کی سزا پانے والے سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی گرفتاری میں رکاوٹ ڈالنے والے ( ن ) لیگی امیدواروں اور رہنما ئو ں کی ضمانت میں 28 جولائی تک کے لیے توسیع کر تے ہوئے آئندہ سماعت پر تھانہ سٹی پولیس کو مقدمے کا ریکارڈ عدالت پیش کرنے کا حکم دیدیا ۔

ایڈیشنل سیشن جج محمد عطا ربانی نے درخواستوں پر سماعت کی ، اس دوران عدالت نے آئندہ سماعت پر تھانہ سٹی پولیس کو مقدمے کا ریکارڈ عدالت پیش کرنے کا حکم دیا۔ کیپٹن ( ر )صفدر کی گرفتاری کے دوران رکاوٹ بننے پر چوہدری تنویر، ملک ابرار، دانیال چوہدری اور حنیف عباسی سمیت دیگر کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ مسلم لیگ ( ن )کے رہنما ئو ں کے خلاف پولیس اور نیب کی مدعیت میں مقدمات درج کیے گئے جب کہ مجرم کیپٹن ( ر )صفدر اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔

یاد رہے کہ احتساب عدالت نے 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کو مجموعی طور پر 11، ان کی ساحبزادی مریم نواز کو 8 اور کیپٹن ( ر )محمد صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی۔عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد کیپٹن ( ر )صفدر روپوش ہوگئے تھے جس کے بعد انہوں نے راولپنڈی میں مسلم لیگ ( ن ) کی ریلی میں شرکت کی اور بعدازاں نیب نے انہیں حراست میں لیا۔


ای پیپر