Pakistan Imran Khan Cabinet Decision
18 جنوری 2021 (22:10) 2021-01-18

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے براڈ شیٹ کے معاملے پر 5رکنی کمیٹی قائم کرتے ہوئے کہا ہے کہ  ملکی دولت لوٹ کر باہر لے جانے والے احتساب سے نہیں بچ سکتے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت حکومتی رہنمائوں کا اجلاس ہوا جس میں شہزاد اکبر نے براڈ شیٹ کیس پر بریفنگ دی، وزیراعظم نے براڈ شیٹ کے معاملے پر 5 رکنی کمیٹی قائم کر دی، کمیٹی میں وفاقی وزیر فواد چوہدری، شیریں مزاری، بابر اعوان اور شہزاد اکبر شامل ہیں،کمیٹی آئندہ 48 گھنٹوں میں اپنی رپورٹ اور سفارشات پیش کرے گی۔

 اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ  براڈ شیٹ معاملہ تفصیلی طور پر عوام کے سامنے رکھا جائے، براڈ شیٹ کیس کے فیصلے میں موجود حقائق منظرعام پر لائے جائیں،عمران خان نے کہا کہ براڈ شیٹ کمپنی تو 20سال پہلے کے اثاثوں کی تحقیقات کررہی تھی، گزشتہ دس سال کا حساب تو ابھی ہونا ہے، ملکی دولت لوٹ کر باہر لے جانے والے احتساب سے نہیں بچ سکتے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے فارن فنڈنگ معاملہ اٹھایا جانا خوش آئند ہے، پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جو عوام کی فنڈنگ سے وجود میں آئی، فخر ہے ہماری جماعت کو مافیا نے اسپانسر نہیں کیا، مافیا نے پیسہ لگایا ہوتا تو ہم ان کے سامنے جھک جاتے۔

 اجلاس میں پی ڈی ایم جلسے پر وزیر داخلہ شیخ رشید نے بریفنگ دی، شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے احتجاج کی اجازت دی۔


ای پیپر