Foreign funding case, PTI, secret accounts, Ahsan Iqbal, PM Imran Khan
18 جنوری 2021 (15:14) 2021-01-18

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ اُن کی پارٹی کی جانب سے فارن فنڈنگ کے حوالے سے الیکشن کمیشن میں بیان حلفی جمع کروا دیا گیا ہے ، ن لیگ نے اپنے سب ڈونرز کی لسٹیں الیکشن کمیشن کو جمع کرائی ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی کے درجنوں خفیہ اکاؤنٹس پکڑے جاچکے ہیں ، اسٹیٹ بینک نے درجنوں بینک اکاؤنٹس کی نشاندہی کی جو ظاہر نہیں کیے گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف نے غیرملکی فنڈنگ کی ذمے داری ایجنٹس پر ڈال دی ، تحریک انصاف نے اسکروٹنی کمیٹی میں غیر ملکی فنڈنگ تسلیم کی ، تحریک انصاف نے ہنڈی سے بھی رقوم منگوائیں۔ تحریک انصاف نے اسرائیل اور بھارت کی فنڈنگ کو الیکشن کمیشن سے چھپایا۔

لیگی رہنما نے کہا کہ اپوزیشن الیکشن کمیشن کے باہر پُرامن احتجاج کرے گی ، اپوزیشن احتجاج کا مقصد توڑ پھوڑ کرنا نہیں ہے ، ہمارا مطالبہ ہے تحریک انصاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ کیا جائے۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کی سیاست کے سب سے بڑے فراڈ کو منطقی انجام تک پہنچانا چاہیے ، نیب ، ایف آئی اے عمران خان کی فارن فنڈنگ کی منی ٹریل کی بھی تحقیقات کریں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے نوکر ، ڈرائیور ، خانساموں کے اکاؤنٹس میں کروڑوں روپے ہنڈی سے منگوائے گئے ، امید ہے الیکشن کمیشن تحریک انصاف کی رجسٹریشن منسوخ اور عمران خان کو نا اہل قرار دے گا۔

لیگی رہنما نے کہا کہ 2018 کے انتخابات کی قانونی حیثیت پر سوالیہ نشان پڑ گیا ہے ، تحریک انصاف نے فارن فنڈنگ سے سیاست میں عدم استحکام پیدا کیا ، الیکشن کمیشن کو 2018 کا الیکشن کالعدم قرار دینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ 2018 کے الیکشن میں فارن فنڈنگ کے پیسے سے دھاندلی کی گئی ، کروڑوں روپے کی مداخلت سے سیاسی عدم استحکام پیدا کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے پیسا استعمال کیا تو اس کا جواب بھی دینا ہوگا۔

احسن اقبال نے کہا کہ تحریک انصاف سے متعلق فیصلوں کو بھی جلد سامنے آنا چاہیے ، فیصل واوڈا کا کیس کئی مہینوں سے زیر التوا ہے۔


ای پیپر