Modi, conspiracy, Pakistan, international community, PM Imran Khan
18 جنوری 2021 (12:18) 2021-01-18

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ عالمی برادری مودی حکومت کو عسکری ایجنڈے سے روکے ، خطے میں کسی تنازعے سے پہلے عالمی برادری اقدامات کرے۔

اپنی ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 2019 میں کہا تھا بالاکوٹ واقعہ سے مودی حکومت انتخابی فائدہ اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے 2019 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں یہ بات کہی تھی۔

عمران خان نے کہا کہ حالیہ انکشافات نے مودی سرکار اور بھارتی میڈیا کا گٹھ جوڑ بے نقاب کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف بھارتی عزائم بے نقاب کرتے رہیں گے۔

ادھر وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ ارناب گوسوامی اور بے اے آر سی سربراہ کی چیٹ نے ایک دفعہ پھر بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کر دیا۔ ثابت ہو گیا کہ بھارت اس خطے سمیت عالمی امن کے لیے ایک خطرناک ٹائم بم ہے۔ انڈین اسٹیبلشمنٹ ، فوج اور را فالس فلیگ آپریشنز کر کے پاک فوج ، آئی ایس آئی پر الزام تراشی کرتی ہے۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ حقیقت میں پاکستان کے خلاف بھارت کے تمام دعوے جھوٹ اور بدنیتی پر مبنی ہیں۔ بھارتی سپریم کورٹ نے کرنل پروہت اور آر ایس ایس لیڈر سوامی آنند کو سمجھوتہ ایکسپریس واقعے کا ذمہ دار قرار دیا۔ انڈین نیشنل انویسٹیگیشن ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں پٹھان کوٹ واقعے میں پاکستانی کردار کی تردید کی۔ انہوں نے کہا کہ 2014 میں کانگریس کے سابق وزیر سلمان خورشید نے اسی نوعیت کی پریس کانفرنس کی۔

فیاض الحسن چوہان کا مزید کہنا ہے کہ انہوں نے بتایا کہ بھارت میں دہشتگردی میں ہمیشہ بی جے پی، آر ایس ایس اور ملٹری اسٹیبلشمنٹ ملوث ہوتی ہے۔ اب ارناب گوسوامی اور بے اے آر سی سربراہ کی چیٹ کے بے نقاب ہونے سے بھارت کے جھوٹ پر مہر ثبت ہو گئی۔ بھارت کی بے بنیاد پاکستان دشمنی اس خطے سمیت تمام دنیا کے لیے خطرہ ہے۔ عالمی برادری، بالخصوص سلامتی کونسل مکر و فریب پر مشتمل اس بھارتی بیانیے کا سختی سے نوٹس لے۔


ای پیپر