Two-month, long shutdown, educational institutions, Pakistan, pandemic
18 جنوری 2021 (08:18) 2021-01-18

لاہور: ملک بھر میں دوسری بار دو ماہ کی طویل بندش کے بعد اسکول آج سے دوبارہ کھل گئے ، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے بچوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک میں بچوں کا آرام ختم اور پڑھائی آج سے پھر شروع ہوگئی ، بچوں نے بھی سخت سردی میں اسکولوں کا رُخ کرلیا ہے۔

پہلے مرحلے میں نویں سے بارہویں جماعت تک تعلیمی ادارے کھول دیئے گئے ہیں جبکہ اول سے آٹھویں اور ہائیر ایجوکیشن کے تحت ادارے یکم فروری سے کھلیں گے۔

ادھر فیصل آباد میں بھی عالمی وبا کے باعث بند ہونے والے تعلیمی ادارے آج سے مرحلہ وار کھلنا شروع ہوگئے ہیں ، نہم سے سیکنڈ ائیر تک کے طلبا و طالبات سکول کالجز پہنچ گئے ہیں۔

خیال رہے کہ اس بات کا فیصلہ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کے زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا تھا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ عالمی وبا کی صورتحال کا نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی رپورٹ دیکھ کر اپنے فیصلے کا دوبارہ جائزہ لے سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ ملک میں جاری تعلیمی سرگرمیوں کی بندش ختم ہو لیکن ہمارے لیے بچوں کی صحت اولین ترجیح ہے، حتمی فیصلہ اسی بنیاد پر کریں گے۔

شفقت محمود کا کہنا تھا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ بورڈ کے امتحانات کو ملتوی کر دیا جائے جو مارچ اور اپریل میں شیڈول تھے ، اب یہ امتحانات مئی اور جون کے مہنیوں میں ہوں گے۔


ای پیپر