سرکاری اداروں کے نام پر ہزاروں جعلی گاڑیاں رجسٹرڈ ہونے کا انکشاف
سورس:   فائل فوٹو
18 فروری 2021 (19:13) 2021-02-18

لاہور: سرکاری اداروں کے نام پر ہزاروں جعلی گاڑیاں رجسٹرڈ ہونے کاانکشا ف ہو اہے جبکہ سیکڑوں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی رجسٹریشن کا بھی سراغ لگالیا ۔ نجی ٹی وی کے مطابق محکمہ ایکسائز کی جانب سے جعلی گاڑیوں کی رجسٹریشن سکینڈل میں پیشرفت سامنے آئی۔

سرکاری اداروں کے نام پر ہزاروں جعلی گاڑیاں رجسٹرڈ ہوئیں اور متعلقہ سرکاری ادارے نے تردیدی خط اینٹی کرپشن کو ارسال کر دیا اور نیلام گاڑیوں کے جعلی واﺅچرز کی تصدیق کر دی۔ خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ سرکاری ادارے نے مذکورہ گاڑیوں کونیلام نہیں کیا جبکہ مفاد کنندگان کی طرف سے دکھائے گئے واﺅچر جعلی ہیں۔

اینٹی کرپشن حکام نے کہا ہے کہ محکمہ ایکسائز لاہور کے چند افسران نے جعلی گاڑیاں رجسٹر کیں جس سے سرکاری خزانے کواربوں روپے کا نقصان پہنچا۔ مفاد کنندگان کے بینک اکاﺅنٹ سے کروڑوں کی ٹرانزیکشن کا ڈیٹا حاصل کر لیا ہے۔

حکام کا کہنا تھا کہ سیکڑوں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی رجسٹریشن کا بھی سراغ لگا لیا ہے۔ محکمہ ایکسائز لاہور میں لگژری نان کسٹم پیڈگاڑیاں رجسٹرڈ ہوتی رہیں اور ایکسائز کے افسران کی ملی بھگت سے مفاد کنندگان اربوں پتی بن گئے۔ 

 بشکریہ (نیو نیوز)


ای پیپر