’کراچی کنگز بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل، بہترین کارکردگی دکھانے کیلئے پرامید ہیں‘ ہیڈ کوچ ہرشل گبز کا دبنگ اعلان
سورس:   فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر
18 فروری 2021 (19:00) 2021-02-18

کراچی:پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی  دفاعی چیمپئن کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ ہرشل گبز نے کہا ہے کہ ہماری ٹیم بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور لیگ مقابلوں میں بہترین کارکردگی دکھانے کیلئے پر امید ہیں، بابراعظم کی کارکردگی حالیہ دنوں میں متاثر ہوئی لیکن امید ہے کہ اس بار بھی لیگ کا بہترین کھلاڑی قرار پائیں گے۔ 

تفصیلات کے مطابق ورچوئل پریس کانفرنس سے بات کرتے ہوئے کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ ہرشل گبز کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ک ےکپتان بابراعظم کی صلاحیتوں پر کوئی دو رائے نہیں اور اس وقت ان کا شمار دنیا کے بہترین پانچ بلے بازوں میں ہوتا ہے،اگرچہ حالیہ دنوں میں ان کی پرفارمنس متاثر رہی لیکن یہ کھیل کا حصہ ہے اور کارکردگی میں اونچ نیچ آتی رہتی ہے، لیکن ہم پرامید ہیں کہ وہ رواں سیزن میں بھی اپنی بھرپور صلاحیتوں کا اظہار کرتے ہوئے نظر آئیں گے اور گزشتہ سال کی طرح اس بار بھی سیزن کا بہترین کھلاڑی قرار پائیں گے۔

کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ کراچی کنگز کو شرجیل خان جیسے تجربہ کار بیٹسمین کی  خدمات حاصل ہونے کیساتھ ساتھ کولن انگرام کی صورت میں بہترین بلے باز کی خدمات بھی میسر ہیں جبکہ  وکٹ کیپر بلے باز شیڈوک والٹن سے بھی امیدیں لگا رکھی ہیں، محمد عامر ورلڈکلاس فاسٹ باؤلر ہیں جبکہ کپتان عماد وسیم کی صلاحیتوں کا سب کو علم ہے، ہمیں اپنی ٹیم کے کمبی نیشن کا علم ہے اور ہم مقابلوں میں اسی کے مطابق پلان کریں گے۔ 

ہرشل گبز نے کہا کہ تجربہ کار کھلاڑیوں کی موجودگی اپنی جگہ تاہم نئے اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں سے استفادہ حاصل کرنا بھی ایک مختلف طرز کا چیلنج ہو گا،میں کھلاڑیوں کیساتھ بہتر تعلقات پر یقین رکھتا ہوں اور بطور کوچ اپنی ذمہ داری بھرپور طریقے سے ادا کرنے کی کوشش کروں گا،  کراچی کنگز کی ٹیم میں زیادہ آل راؤنڈر رکھنے کا مقصد ان کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کے بہتر مواقع پیدا کرنا ہے البتہ ٹیم میں ان کی شمولیت کا فیصلہ میچز کے موقع پر حالات کے مطابق کیا جائے گا۔


ای پیپر