پاکستان نے حیران کن ٹیکنالوجی والے کروز میزائل کا تجربہ کر لیا
18 فروری 2020 (18:47) 2020-02-18

اسلام آباد: پاکستان نے فضا سے مار کرنے والے کروز میزائل رعد 2 کا کامیاب تجربہ کرلیا، رعد 2 زمین اور سمندر میں بھی ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق پاکستان نے فضا سے مار کرنے والے کروز میزائل رعد 2 کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ رعد 2 زمین پر 600 کلو میٹر تک اور سمندر میں بھی ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ کروز میزائل میں جدید ترین نیوی گیشن نصب ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اسٹریٹجک پلانز ڈویژن فورس(ایس پی ڈی)کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی منج اور چیئرمین نیسکام ڈاکٹر ندیم ملک نے کامیاب تجربے کا مشاہدہ کیا۔اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی کا کہنا تھا کہ کامیاب تجربے سے پاکستان نے ایک اور سنگ میل عبور کیا۔

کامیاب تجربے پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان اور عسکری قیادت کی جانب سے مبارکباد دی گئی۔


ای پیپر