فوٹو بشکریہ فیس بک

شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی فوری رہائی کا حکم دیدیا
18 فروری 2019 (14:02) 2019-02-18

لاہور: شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کا مان رکھ لیا، خود کو پاکستان کا سفیر قرار دے کر جو کہا کر دکھایا۔ سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی فوری رہائی کا حکم دے دیا۔

شہزادہ محمد بن سلمان کے اعلان سے 2 ہزار ایک سو سات پاکستانی قیدی رہائی پائیں گے۔ اس خوشخبری کو وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے ٹویٹ کیا جبکہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں عرصہ دراز کے بعد پاکستانیوں کی سنی گئی۔

صرف اتنا ہی نہیں عازمین حج کی پاکستان کی امیگریشن کی درخواست بھی مان لی گئی ہے۔ پہلے مرحلے میں 29 ہزار عازمین کی کراچی میں امیگریشن ہوگی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق کہتے ہیں لاہور اور اسلام آباد میں امیگریشن کیلئے بھی بات چل رہی ہے۔ نئی پالیسی کے تحت عازمین حج کو اب جدہ ائرپورٹ پر کئی گھنٹے انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے بھی ٹویٹ کیا ہے کہ خود کو پاکستان کا سفیر قرار دے کر سعودی ولی عہد نے پاکستانی عوام کے دل جیت لیے ہیں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب پہلے ہی پاکستانیوں کے لیے وزٹ ویزے کی فیس میں کمی کر چکا ہے۔


ای پیپر