spokesman,Foreign Office,pakistan,Indian Army,fire,UN vehicle
18 دسمبر 2020 (18:44) 2020-12-18

 اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ نے کہاہے کہ بھارتی فوج نے سیکٹر چری کوٹ پر فائرنگ کر کے اقوام متحدہ کی گاڑی کو نشانہ بنایا جس میں پاکستان اور بھارت میں اقوام متحدہ کے مبصر ملٹری گروپ کے دو افسران سوار تھے، گاڑی کو نقصان پہنچا ، عہدیدار محفوظ رہے ، اقوام متحدہ کے مبصر گروپ کی گاڑی کو بلااشتعال فائرنگ سے نشانہ بنانے والی بھارتی فوج کی ایک اور اوچھی حرکت ہے،بھارت 2003 کے جنگ بندی معاہدے پر عمل کریں اور ایل او سی او ورکنگ باؤنڈری پر امن کو برقرار رکھیں، بھارت، پاکستان کے خلاف سرجیکل اسٹرائیک کی تیاری کررہا ہے، پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہیں،پاکستان بھارتی دہشت گردی کو عالمی اداروں کے سامنے اجاگر کرتا رہے گا،پاکستان کے اعلیٰ حکام کے دورہ اسرائیل سے متعلق خبریں، لغو اور قیاس آرائیاں ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران نے کہا کہ بھارتی فوج نے صبح دس بجکر 45منٹ پر آزاد جموں و کشمیر کے چری کوٹ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی۔اقوام متحدہ کے مبصر گروپ کے عہدیدار پولاس گاؤں میں بھارتی فوج کی فائرنگ کا نشانہ بنے والے افراد سے ملاقات کیلئے جارہے تھے کہ نشانہ بنے۔واقعہ میں اقوام متحدہ کی گاڑی کو نقصان پہنچا ہے لیکن عہدیدار محفوظ ہیں اور پاک فوج نے انہیں فوری طور راولاکوٹ منتقل کردیا۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کے مبصر گروپ کی گاڑی کو بلااشتعال فائرنگ سے نشانہ بنانے والی بھارتی فوج کی ایک اور اوچھی حرکت ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے رواں برس اب تک 2 ہزار 999 مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے، جس کے نتیجے میں 27 اموات جبکہ 92 خواتین اور 68 بچوں سمیت 249 شہری شدید زخمی ہوئے ہیں۔بھارت  2003 کے جنگ بندی معاہدے پر عمل کرے اور ایل او سی او ورکنگ باؤنڈری پر امن کو برقرار رکھے۔

 زاہد حفیظ چوہدری نے کہاکہ بھارت، پاکستان کے خلاف سرجیکل اسٹرائیک کی تیاری کررہا ہے اور فوجی مہم جوئی کے لیے بیرونی طاقتوں کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کررہا ہے، پاکستان کے پاس بھارتی منصوبے کی قابل اعتماد معلومات موجود ہیں تاہم پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔


ای پیپر