نارووال سے لاہور آنیوالی ٹرین سکول وین سے ٹکرا گئی ٗ 12طلبا زخمی
18 دسمبر 2018 (14:47) 2018-12-18

نارروال / لاہور : نارووال سے لاہور جانیوالی مسافر ٹرین لاثانی ایکسپریس پیجووالی ریلوے اسٹیشن کے قریب شدید دھند کے باعث بغیر پھاٹک ریلوے کراسنگ پر سکول وین سے ٹکرا گئی جس کی وجہ سے وین میں سوار نجی سکول کے 12طلباء و طالبات زخمی ہو گئے،وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے حادثے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے انتظامیہ کو زخمی ہونے والے طلبہ وطالبات کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کر دی جبکہ وزیر ریلوے شیخ رشید نے بھی حادثے بارے فوری رپورٹ طلب کر لی۔

بتایا گیا ہے کہ صبح سات بجے نارووال سے لاہور جانیوالی مسافر ٹرین لاثانی ایکسپریس پیجووالی ریلوے اسٹیشن سے آٹھ کلو میٹر فاصلے پر تھی کہ شدید دھند کی وجہ سے بغیر پھاٹک ریلوے کراسنگ پر بچوں کو سکول لے کر جانے والی وین اس کی ذد میں آگئی جس کے نتیجہ میں نجی سکول کے بارہ طلباء و طالبات زخمی ہو گئے۔حادثہ کی خبر ملتے ہی قریبی دیہات کے لوگ اور امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور زخمی بچوں کو وین سے نکالاکرموقع پرطبی امداددی جبکہ پانچ شدید زخمی طلباء کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال نارووال منتقل کر دیا گیا ۔

زخمی ہونے والے طلباء و طالبات میں آٹھ سالہ شہبازولد سلیم،گیارہ سالہ بلال ولد اشتیاق،سولہ سالہ حسن ولد سلیم،تیرہ سالہ منور ولد بوٹا،اٹھارہ سالہ حفصہ ولد ہارون،سولہ سالہ عبیداللہ ولد ظفر،اٹھارہ سالہ مہک ولد ظفر،چودہ سالہ فہد ولد آصف،دس سالہ لائبہ ولد اقبال،گیارہ سالہ سحر ولد لقمان اور بارہ سالہ زرین ولد شفیق شامل ہیں۔شدید زخمیوں میں ایک طالبعلم کی حالت تشویشناک بیان کی جا رہی ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ زخمی طلباء و طالبات کوعلاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں اور اس میں کوئی کسر اٹھانہ رکھی جائے۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے بھی لاثانی ایکسپریس کو پیش آنے والے حادثے بارے ریلوے کے متعلقہ افسران سے مکمل رپورٹ طلب کر لی ہے ۔


ای پیپر