Shahbaz Sharif, successful, Maryam Aurangzeb, PML-N, LHC
18 اپریل 2021 (12:50) 2021-04-18

 لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے شہباز شریف کی ضمانت کے اعلان کے چار دن بعد اختلافی نوٹ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف صاحب ہمیشہ کی طرح سرخرو ہوں گے ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ چار دن سے حکم لینے جا رہے تھے ہر بار جواب دیا گیا کہ ابھی تحریری حکم لکھا جا رہا ہے ، عدالتی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کو فیصلے سے فوری آگاہ کرنے کے باوجود ہائیکورٹ نے کوئی اعلامیہ جاری نہیں کیا ۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عدالت کی عزت کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے ، یہ ہر شہری کا فرض ہے ۔

واضح رہے کہ شہباز شریف کی ضمانت پر رہائی ججز میں تنازع کا شکار ہوگئی ہے ۔ ضمانت کے تحریری فیصلے میں ایک جج نے مخالفت کر دی ، بنچ کے سربراہ جسٹس سرفراز ڈوگر نے نشاندہی کی کہ بنچ کے دو ججز نے ضمانت منظور کی لیکن مختصر فیصلہ تحریر کرتے ہوئے جسٹس اسجد جاوید گھرال نے فیصلے پر اختلافی نوٹ دیا ۔

بنچ کے دوسرے رکن جسٹس اسجد جاوید گھرال نے نشاندہی کی کہ انہوں نے عدالت اور چیمبر میں ضمانت مسترد کرنے کا کہا تھا جبکہ ساتھی جج نے اپنے طور پر ضمانت منظورکرنے کا اعلان کیا ۔

جسٹس اسجد جاوید گھرال معاملہ فوری طور پر چیف جسٹس کے علم میں لائے کہ جسٹس سرفراز ڈوگر نے مختصر حکم دستخط کیلئے بھجوایا جبکہ شارٹ آرڈر کی کوئی قانونی ضرورت نہیں تھی ۔

خیال رہے کہ صورتحال کے پیش نظر فیصلہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو ریفر کر دیا گیا ہے ۔ جس میں ریفری جج مقرر کئے جانے کی سفارش کی گئی ہے جس کے بعد شہباز شریف کی رہائی سے متعلق حتمی فیصلے ہوسکے گا ۔


ای پیپر