47 more patients die from corona in Lahore, citizens take precaution
کیپشن:   فائل فوٹو
18 اپریل 2021 (11:24) 2021-04-18

لاہور: محکمہ صحت کے حکام کی جانب سے لاہور کے شہریوں سے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کی اپیل کی گئی ہے کیونکہ صرف ایک روز میں کورونا وائرس سے لاہور میں 47 اموات سامنے آ چکی ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق لاہورکے آئی سی یوز میں کورونا وائرس کے 245 مریض زیر علاج ہیں۔ شہر میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا مثبت کیس 12.7 فیصد جبکہ صوبہ پنجاب میں 7.98 فیصد رہے۔

لاہور میں گھنٹوں کے دوران 13 ہزار 723 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 1748 مثبت آئے۔ گزشتہ روز پنجاب بھر میں کورونا کے 80 مریض آئی سی یوز میں داخل ہوئے جبکہ گزشتہ روز پورے صوبے میں 97 افراد کورونا سے انتقال کر گئے۔

ادھر کوئٹہ میں گزشتہ روز کورونا کے 55 مثبت کیس رپورٹ ہوئے جبکہ وبا کی شرح 9.5 فیصد رہی۔ صوبہ بلوچستان میں کورونا کیس 9.67 فیصد رہے۔

محکمہ صحت کے مطابق بلوچستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی شرح میں مزید اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔ خضدار 3، تربت 2، صحبت پور اور موسیٰ خیل سے کورونا کا ایک، ایک کیس رپورٹ ہوا۔

بلوچستان میں 2 روز قبل کورونا کے مثبت کیس 9.14 فیصد رہے تھے۔ گزشتہ روز کورونا کے 641 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 62 افراد میں اس موذی مرض کی تصدیق ہوئی۔ بلوچستان میں گزشتہ روز کورونا کیس 5 اضلاع سے رپورٹ ہوئے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس قہر ڈھانے لگا ہے۔ صرف ایک روز کے دوران 149 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جو اب تک سب سے زیادہ اموات ہیں۔ اموات میں حالیہ اضافے سے ملک بھر میں اس موذی مرض سے جاں بحق افراد کی تعداد 16 ہزار 243 ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں 71 ہزار 836 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 6 ہزار 127 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی۔

گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 8 اعشاریہ 52 فیصد رہی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 7 لاکھ 56 ہزار 285 ہو چکی ہے۔ خیبر پختونخوا میں بھی وائرس بڑھنے کی شرح 13 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

صورتحال کے پیش نظر راولپنڈی، ٹیکسلا اور گوجر خان کے مزید 10علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ ہے۔

این سی او سی کے مطابق ہری پور، راولپنڈی، سوات، چارسدہ، صوابی، مالاکنڈ، دیر لوئر، نوشہرہ، پشاور، کوٹلی، میرپور، مظفر آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، سیالکوٹ، سرگودھا، شیخوپورہ، گجرات، رحیم یار خان، اوکاڑہ، منڈی بہاء الدین، بہاولپور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور لاہور، متاثر اور ہائی رسک اضلاع میں شامل ہیں۔

خیال رہے کہ دنیا میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سترہ نومبر دو ہزار انیس کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد ستائیس جون دو ہزار بیس تک عالمی سطح پر ان کیسز کی تعداد 1 کروڑ تک جا پہنچی تھی۔


ای پیپر