Our relations with the UAE are improving, Foreign Minister Shah Mehmood Qureshi said
کیپشن:   فائل فوٹو
18 اپریل 2021 (10:26) 2021-04-18

دبئی: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کیساتھ ہمارے دو طرفہ کثیر الجہتی، تجارتی تعلقات میں روز بروز بہتری آ رہی ہے۔

تفصیل کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے اعزاز میں پاکستان بزنس کونسل دبئی کے زیر اہتمام افطار ڈنر کا اہتمام کیا۔ پاکستان بزنس کونسل دبئی کے صدر اور دیگر عہدیداروں نے وزیر خارجہ کا پرتپاک خیر مقدم کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔

وزیر خارجہ نے پاکستان بزنس کونسل دوبئی سے وابستہ کاروباری شخصیات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان معاشی سفارت کاری کو بروئے کار لاتے ہوئے دنیا کی توجہ پاکستان میں میسّر کثیر کاروباری مواقعوں کی طرف مبذول کروا رہا ہے۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ قابلِ مسرت بات یہ ہے کہ کرونا عالمی وبائی صورتحال کے باوجود معاشی سفارت کاری کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یو اے ای کیساتھ ہمارے دو طرفہ کثیر الجہتی، تجارتی تعلقات میں روز بروز بہتری آ رہی ہے۔ میرے اس دورے کا بنیادی مقصد پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان، کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تجارتی روابط اور تعاون کا فروغ ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ پاکستانیوں کی ایک کثیر تعداد متحدہ عرب امارات میں مقیم ہے اور اپنی محنت اور لگن سے یہاں کی تعمیر و ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کر رہی ہے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل ہماری حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیر خارجہ نے پرتپاک خیر مقدم اور افطار ڈنر کے انعقاد پر منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر افضال محمود، قونصل جنرل دبئی، احمد امجد علی اور سفارتخانے کے سینئر افسران بھی اس عشائیے میں شریک تھے۔


ای پیپر