پی ٹی آئی کے متعدد اراکین کی جہانگیر ترین کو مستعفی ہونے کی پیشکش
کیپشن:   Several PTI members offer resignation to Jahangir Tareen
18 اپریل 2021 (10:11) 2021-04-18

لاہور: حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 30 سے زائد اراکین اسمبلی نے جہانگیر ترین کا ساتھ دینے کا اعلان دیتے ہوئے انھیں بڑی پیشکش کی ہے کہ وہ حکم دیں تو وہ فوری مستعفی ہو جائیں گے۔

یہ خبریں میڈیا میں زیر گردش ہیں کہ گزشتہ روز 30 سے زائد اراکین اسمبلی نے اس اہم معاملے پر جہانگیر ترین سے ملاقات کی اور انھیں یقین دہانی کرائی کہ وہ ان کیساتھ کھڑے ہیں۔ اس ملاقات کے دوران ملک میں جاری سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیالات کیا گیا۔

تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین نے ساتھ دینے والے اراکین کے جذبات کی قدر کی لیکن اس پر کسی بھی قسم کی رائے دینے سے اجتناب کیا، یوں اس پیشکش کو ابھی تک لائحہ عمل دینے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین کےساتھ ملاقات کرنے والے اراکین کا کہنا تھا کہ آپ کیساتھ ناانصافی کی جا رہی ہے اگر حکومت کی جانب سے یہ سلسلہ جاری رہتا ہے تو وہ بے دریغ ہمارے استعفوں کا آپشن استعمال کر سکتے ہیں۔ تاہم کوئی مثبت جواب نہ ملا، اس کے بعد اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسمبلیوں میں موجود پی ٹی آئی کے مزید اراکین سے رابطہ کرکے انھیں حکومتی ناانصافیوں سے آگاہ کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی کی بڑی تعداد نے وزیراعظم کو ایک خصوصی خط لکھ کر جہانگیر ترین کے معاملے میں یکطرفہ برتاؤ پر ایکشن لینے کا مطالبہ کیا تھا لیکن انہوں نے ابھی تک اس کا جواب نہیں دیا ہے۔

خبریں ہیں کہ اب پی ٹی آئی اراکین نے آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے ایک اہم اجلاس بلایا ہے جو 21 اپریل کو جہانگیر ترین کے گھر منعقد ہوگا۔


ای پیپر