Corona monster out of control in Pakistan, 149 civilians killed in just one day
کیپشن:   فائل فوٹو
18 اپریل 2021 (08:44) 2021-04-18

لاہور: پاکستان میں کورونا وائرس قہر ڈھانے لگا ہے۔ صرف ایک روز کے دوران 149 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جو اب تک سب سے زیادہ اموات ہیں۔ اموات میں حالیہ اضافے سے ملک بھر میں اس موذی مرض سے جاں بحق افراد کی تعداد 16 ہزار 243 ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں 71 ہزار 836 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 6 ہزار 127 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی۔

گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 8 اعشاریہ 52 فیصد رہی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 7 لاکھ 56 ہزار 285 ہو چکی ہے۔ خیبر پختونخوا میں بھی وائرس بڑھنے کی شرح 13 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

صورتحال کے پیش نظر راولپنڈی، ٹیکسلا اور گوجر خان کے مزید 10علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ ہے۔

این سی او سی کے مطابق ہری پور، راولپنڈی، سوات، چارسدہ، صوابی، مالاکنڈ، دیر لوئر، نوشہرہ، پشاور، کوٹلی، میرپور، مظفر آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، سیالکوٹ، سرگودھا، شیخوپورہ، گجرات، رحیم یار خان، اوکاڑہ، منڈی بہاء الدین، بہاولپور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور لاہور، متاثر اور ہائی رسک اضلاع میں شامل ہیں۔

خیال رہے کہ دنیا میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سترہ نومبر دو ہزار انیس کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد ستائیس جون دو ہزار بیس تک عالمی سطح پر ان کیسز کی تعداد 1 کروڑ تک جا پہنچی تھی۔

اس کے بعد چوبیس نومبر کو وبائی کیسز بڑھ کر 6 کروڑ تک جا پہنچے تھے۔ 10 دسمبر 2020ء کو یہ کیسز 7 کروڑ تک پہنچے، پچیس دسمبر کو ان کیسوں کی تعداد 8 کروڑ ہوئی جبکہ نو جنوری کو یہ 9 کروڑ تک پہنچے، 25 جنوری کو دنیا بھر میں یہ کیسز 10 کروڑ سے بھی تجاوز کر گئے تھے۔


ای پیپر