Photo Credit : Yahoo

وزیر اعظم نے عدلیہ مخالف نعرے بازی کا سخت نوٹس لے لیا
18 اپریل 2018 (19:28) 2018-04-18

اسلام آباد: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے قصور سے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی شیخ وسیم کی طرف سے عدلیہ مخالف نعرے بازی کا سخت نوٹس لے لیا او ر وفاقی وزیر پارلیمانی امور اور (ن) لیگ کے چیف ویپ شیخ آفتاب احمد کو اس معاملے پر ایکشن لینے کی ہدایت کردی۔بدھ کو سرکاری ٹی وی کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے قصور سے تعلق رکھنے والے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی شیخ محمد وسیم کے عدلیہ مخالف نعروں پر نوٹس لے لیااور مسلم لیگ (ن) کے چیف ویپ شیخ آفتاب احمد کو معاملے پر ایکشن لینے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم نے کہا کہ چیف ویپ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر ایکشن لیں۔ درین اثناءقصور سے نمائندے کی اطلاع کے مطابق مقامی پولیس نے (ن) لیگ کے رکن قومی اسمبلی شیخ وسیم سمیت (ن) لیگ کے بعض مقامی رہنماﺅں اور کارکنوں کے خلاف عدلیہ مخالف نعرے بازی اور نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر مقدمات درج کرلیے ہیں اور متعدد کو گرفتار کرکے تھانوں میں بند کردیا گیا ہے جنھیں ریمانڈ کیلئے مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گاجبکہ (ن) لیگ کے رکن قومی اسمبلی شیخ وسیم کی گرفتاری کیلئے پولیس کوششیں کررہی ہے ۔واضح رہے کہ چند روز قبل قصور سے رکن قومی اسمبلی شیخ وسیم کی قیادت میں (ن) لیگ کے کارکنوں نے ایک احتجاجی مظاہر ہ کیا جس میں عدلیہ مخالف نعرے بازی کی گئی اور نازیبا الفاظ استعمال کیے گئے ۔


ای پیپر