image by facebook

وائی فائی کا نیا اور تیز ترین ورژن متعارف
17 ستمبر 2019 (11:31) 2019-09-17

لاہور: کیا اپنے گھر کے وائی فائی انٹرنیٹ کی اسپیڈ سے بیزار رہتے ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ اس کا نیا ورژن باضابطہ طور پر متعارف کرادیا گیا ہے، وائی فائی الائنس نے پیر کو اعلان کیا کہ وہ کمپنیوں کو وائی فائی 6 سرٹیفکیشن دینے کا آغاز کر رہی ہے یعنی اب یہ گروپ وائی فائی 6 ڈیوائسز کے لیے معیار طے کرے گا مگر وائی فائی 6 میں ایسا کیا نیا ہے جو اسے موجودہ وائی فائی 5 سے الگ بناتا ہے؟

وائی فائی 6 اسی وائی فائی کا نیا ورژن ہے جو آپ برسوں سے استعمال کررہے ہیں مگر یہ زیادہ تیز اور زیادہ افادیت والا ورژن ہے، جیسے موبائل انٹرنیٹ جو 3 جی سے 4 جی پر گیا اور اب 5 جی کا عہد شروع ہورہا ہے، وائی فائی ٹیکنالوجی میں گزرے برسوں کے دوران بتدریج بہتری آئی ہے۔

چونکہ آج کل 4 کے فلمیں اسٹریم کی جاتی ہیں بلکہ پوری پوری ویڈیو گیمز بھی انٹرنیٹ پر چلتی ہیں تو وائی فائی میں بہتری کوئی حیرانی کی بات نہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ وائی فائی 6 صارفین کو انٹرنیٹ کی بہت، بہت تیز رفتار فراہم کرے گا اور سی نیٹ نامی ویب سائٹ کی آزمائش کے مطابق یہ نیا ورژن امریکا میں اوسط ڈاﺅن لوڈ اسپیڈ سے ایک ہزار فیصد تیز ہے۔

یعنی ایچ ڈی فلمیں بھی چند سیکنڈوں یا منٹ میں ڈاﺅن لوڈ ہوسکیں گی جبکہ زیادہ ہجوم والی جگہوں یعنی ایسے مقامات جہاں ایک نیٹ ورک سے متعدد ڈیوائسز کنکٹ ہوتی ہیں، پر بھی وائی فائی 6 زیادہ بہتر کارکردگی دکھائے گا۔


ای پیپر