Source : Yahoo

پاکستان کے مسائل کی بڑی وجہ گروہی مفادات ،کرپشن ہے :صدر عارف علوی
17 ستمبر 2018 (17:20) 2018-09-17

اسلام آباد: پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس شروع ہے،پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد نعت رسول مقبول ﷺ پیش کی گئی اور پھر بیگم کلثوم نواز کے ایثال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی،جبکہ صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی اپنا پہلا خطاب کیا ۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کے مسائل کی بڑی وجہ گروہی مفادات اور بے انتہاکرپشن ہے،ان پر قابو پانےکےلئے احتساب کے اداروں کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ہمارے مسائل کی سب سے بڑی وجہ گروہی مفادات اور کرپشن ہے ،اس لیے کرپشن کے خاتمے کیلئے ہمیں صاف شفاف نظام ضروری ہے۔

صدر مملکت کا کہناتھاکہ حکومت نے نیا پاکستان بنانے کاعزم کیا ہے اورنئے پاکستان کی سب سے بڑی شناخت پروٹوکول کا خاتمہ ہے، انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنی زندگیوں میں سادگی اپناناہوگی،نئے پاکستان کی شناخت غیرضروری اخراجات کا خاتمہ ہے، نئے پاکستان کی شناخت سادگی اور بدعنوانیوں سے پاک نظام ہے۔ صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ عوام کے مسائل کے حل میں حکومت کی کامیابی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان پر موسمیاتی تبدیلیوں کے بھی مضر اثرات مرتب ہورہے ہیں ، ہمارے ہاں پانی کا بے دریغ استعمال ہورہاہے، ہمیں پانی کو ضائع ہونے سے روکنے پر توجہ دینا ہوگی اور اس کے بے جا استعمال پر قابو پانا ہوگا۔ ہمیں شجر کاری پر خصوصی توجہ دینا اور نئے ڈیم بھی بنانا ہوں گے۔ ہمیں آبپاشی کے جدید نظام کو فروغ دینا ہوگا۔

اراکین پارلیمنٹ کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھے اس آئینی عہدے کے قابل سمجھا ، امیدہے ارکان پارلیمنٹ میرابھرپورساتھ دیں گے،میری اس ایوان سے بطور رکن وابستگی پرانی ہے۔پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف آرمی اسٹاف اور غیر ملکی سفراءسمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی ۔


ای پیپر