کتنے ہزار اوورسیز پاکستانیوں نےانتخابات کیلئے اپنی رجسٹریشن کروا دی 
17 ستمبر 2018 (16:16) 2018-09-17

اسلام آباد : بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی 37 قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لئے انٹرنیٹ ووٹنگ رجسٹریشن کی ڈیڈ لائن ختم ہو گئی۔ 17 روز میں 7400 سے زائد ووٹرز نے اپنی رجسٹریشن کروائی ہے جبکہ 37 حلقوں میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی تعداد پانچ لاکھ 20 ہزار سے زائد ہے۔ رجسٹریشن کروانے والے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شرح ڈیڑھ فیصد بنتی ہے۔

نادرا اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے کروڑوں روپے لگا کر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ووٹ کی آن لائن رجسٹریشن کے حوالے سے سسٹم تیار کیا گیا تھا۔ 37 حلقوں میں 14 اکتوبر کو ضمنی الیکشن ہوں گے مگر پانچ لاکھ 20 ہزار بیرون ملک مقیم ووٹرز میں سے صرف 7400 ووٹرز رجسٹرڈ ہو سکے ہیں۔

الیکشن حکام کے مطابق 17 روز میں تقریباً دو لاکھ افراد نے ویب سائٹ کو وزٹ کیا اور 10 ہزار سے زائد لوگوں نے اکاؤنٹ بنائے تاہم تمام تقاضے پورے کرنے کے بعد 7400 افراد رجسٹرڈ ہو سکے۔ نادرا اور الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق نظام میں لوگوں کو کوئی تکنیکی مسائل درپیش نہیں آئے۔ الیکشن کمیشن اور نادرا حکام نے بیرون ممالک پاکستانیوں کی رجسٹریشن کے نظام کو اوکے قرار دیا ہے۔ 


ای پیپر