برطانوی شاہی جوڑے کی لاہور آمد، گورنر پنجاب اور وزیر اعلیٰ کا شاندار استقبال
17 اکتوبر 2019 (15:20) 2019-10-17

لاہور : برطانوی شاہی جوڑے کی لاہور آمد، ائیرپورٹ پر گورنر پنجاب چودھری سرور اور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے ریڈ کارپٹ استقبال کیا۔

برطانوی جوڑے نے ایئرپورٹ لاؤنج میں گورنر اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملاقات میں کہا کہ پنجاب کے سماجی شعبہ کی بہتری کیلئے برطانیہ کے تعاون کو تحسین کی نظر سے دیکھتے ہیں، پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوستانہ تعلقات موجود ہیں۔

گورنر پنجاب نے شاہی مہمانوں کو تحفے میں گورنر ہاؤس پر چھپی ہوئی کتاب اور ہینڈی کرافٹ کارپٹ بھی تحفے میں دیئے۔

شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ ایس او ایس ولیج گئے جہاں وہ بچوں کے ساتھ گھل مل گئے اور ان کو کہانیاں بھی سنائیں۔ شاہی جوڑے نے 3 بچوں کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔

نیشنل کرکٹ اکیڈمی پہنچے تو چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے برطانوی جوڑے کا استقبال کیا۔ شاہی جوڑے نے قومی کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور باری باری کرکٹ کھیلی۔ گراؤنڈ میں اظہر علی، حسن علی، شاہین آفریدی اور ثناء میر بھی موجود تھے۔ وقار یونس نے امپائرنگ کے فرائض انجام دیے۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں خاص مہمانوں کیلئے ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔


ای پیپر