ٹائیگر شروف غریبوں کے ہریتک روشن بن گئے
17 May 2019 (16:12) 2019-05-17

ممبئی:بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف نے خود کو غریبوں کا ہرتیک روشن قرار دے دیا اور کہا کہ وہ اگلی فلم میں اپنے آئیڈیل اداکار ہرتیک روشن کے ساتھ کام کرتے نظر آئیں گے۔

تفصیلات کے مطابق اداکار ٹائیگر شروف کو ان کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم اسٹوڈنٹ آف دی ائیر2 میں بہترین اداکاری کرنے پر مداحوں کی جانب سے بے حد سراہا جارہا ہے۔ ٹائیگر شروف نے اپنی فلم کی کامیابی پر ملنے والی مبارک باد کے جواب میں کہا کہ انہیں اس بات کی بہت خوشی ہے کہ وہ اتنی جلدی انڈسٹری میں اپنی شناخت بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ اب انہیں ٹائیگر شروف کے نام سے ہی انڈسٹری میں پہچانا جاتا ہے نا کہ لوگ انہیں جیکی شروف کا بیٹا کہہ کر پکارتے ہیں۔

ٹائیگر شروف نے انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اگلی فلم میں بہترین اداکار اور ڈانسر ہرتیک روشن کے ساتھ کام کرتے نظر آئیں گے جبکہ ہرتیک روشن کے ساتھ کام کرنا ان کے لیے ایک چیلنج ہے۔ ٹائیگر نے کہا کہ ہرتیک روشن ان کے آئیڈیل اداکار ہیں جن کے ساتھ کام کرنے کی ان کی ہمیشہ سے خواہش تھی۔ ٹائیگر نے کہا کہ وہ خود کو غریبوں کا ہریتک روشن سمجھتے ہیں ان کا اور ہریتک کا کوئی موازنہ نہیں ہے۔ ٹائیگر شروف نے کہا کہ انہیں ہریتک کے ساتھ کام کرنے کی جہاں خوشی ہے وہیں گھبراہٹ بھی ہے۔


ای پیپر