طارق عزیز انتقال کرگئے
17 جون 2020 (14:32) 2020-06-17

لاہور : پاکستان میں فنون لطیفہ کا بہت بڑا باب بند ہو گیا ٗ ممتاز ٹی وی کمپیئر اور اداکار طارق عزیز انتقال کر گئے ۔

تفصیلات کے مطابق طارق عزیز 18 اپریل 1936 کو متحدہ ہندوستان کے شہر جالندھر میں پیدا ہوئے۔ طارق عزیز کا شمار پاکستان کے سرکاری ٹی وی کے بانیوں میں ہوتا تھا اور انہوں نے بطور نیوز ریڈر پی ٹی وی پر سب سے پہلا خبرنامہ پیش کیا تھا۔ پاکستان کی تاریخ کا طویل ترین شو ’’نیلام گھر‘‘ کمپیئر کیا۔نیلام گھر کو طارق عزیز شو کے نام سے بھی جانا جاتا ہے اور یہ کسی وقت میں پاکستان کا سب سے بڑا شو تھا۔ طارق عزیز گزشتہ تین ماہ سے شدید علیل تھے اور انہوں نے شو کی ریکارڈنگ روک رکھی تھی۔انہوں نے اپنے گھر میں خود کو قرنطینہ کیا ہوا تھا۔

طارق عزیز کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ انہیں کورونا کی کوئی علامات نہیں تھیں۔صرف موجودہ صورتحال کی وجہ سے انہوں نے حفاظتی طور پر سب سے میل جول روک دیا تھا۔انہیں انتقال سے پہلے صرف سردی محسوس ہوئی۔ طارق عزیز نے ہمہ جہت زندگی گزاری ٗ انہوں نے سیاست میں حصہ لیا اور رکن قومی اسمبلی رہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے متعدد فلموں میں اداکاری بھی کی۔


ای پیپر