دوہری شہریت رکھنے والے امیدواروں کی رپورٹ الیکشن کمیشن کو ارسال
17 جون 2018 (18:32) 2018-06-17

اسلام آباد :وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) نے عام انتخابات 2018ء میں حصہ لینے والے دوہری شہریت کے حوالے سے حتمی رپورٹ الیکشن کمیشن کو ارسال کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 122 امیدوار دوہری شہریت کے حامل نکلے ہیں۔

وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے ) کو یہ ٹاسک سونپا گیا تھا کہ عام انتخابات 2018میں حصہ لینے والے امیدواروں کی دوہری شہریت کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو سہولیات اور تعاون فراہم کیا جائے ۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ایف آئی اے کو 19880امیدواروں کا ریکارڈ مرحلہ وار بھجوایا تھا ،ایف آئی اے کے بیرون ممالک آمدورفت کے ریکارڈ انٹیگریٹڈ بارڈر منیجمنٹ سسٹم (آئی بی ایم ایس) کو الیکشن کمیشن کی جانب سے موصو ل ہونے والے ڈیٹا کے باغور جائزہ کے بعد حتمی رپورٹ مرتب کی ہے جس کے مطابق الیکشن کمیشن سے موصول ہونے والے کیسز میں سے 122امیدواروں کی غیر ملکی سفر دستاویزات کے مطابق 60امیدواروں کے پاس برطانیہ ،26امیدواروں کے یو ایس اے ، 24امیدواروں کے پاس کینڈا ، 3امیدواروں کے پاس آئر لینڈ ،دو امیدواروں کے پاس بیلجیئم جبکہ ایک ایک امیدوار کے پاس سنگاپور، آسٹریلیا، جرمنی، اٹلی، سائوتھ آفریقہ، سپین اور ازبکستان کی دوہری شہریات کی تصدیق ہوئی ہے ۔

رپورٹ کے مطابق دوہری شہریت کے حامل امیدوار برائے قومی اسمبلی کی تعداد 49،پنجاب اسمبلی کے امیدواروں کی تعداد 53،سندھ اسمبلی کے امیدواروں کی تعداد 11،خیبر پختونخواہ کے امیدواروں کی تعداد 8، بلوچستان اسمبلی کے امیدواروں کی تعداد ایک ہے ۔ ایف آئی اے کی جانب سے الیکشن کمیشن کو بھیجی گئی فہرست میں سیاسی جماعتوں کے متعدد معروف رہنماؤں کے نام بھی شامل ہیں، جن میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)،پاکستان تحریک انصاف (پی ٹیآئی) ، پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) اور دیگر سیاسی جماعتوں سے ہے ۔ایف آئی اے کی جانب سے الیکشن کمیشن کو بھیجی گئی فہرست میں متعدد اْمیدواروں کی دو یا اس سے زائد غیر ملکی دوروں کا اندراج بھی موجود ہے کیونکہ ایف آئی اے نے مذکورہ فہرست، اْمیدواروں کی جانب سے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کے تحت کی جانے والی اسکروٹنی کی بنیاد پر جمع کرائی ہے۔


ای پیپر