گلوبل فائرپاور رینکنگ میں پاک فوج نے دسویں پوزیشن حاصل کر لی
17 جنوری 2021 (22:23) 2021-01-17

اسلام آباد : سال 2021کی بہترین  افواج کی رینکنگ جاری کر دی گئی جس میں  میں پاک فوج ٹاپ ٹین میں شامل  ہو گئی ہے۔ 

دنیا بھر کی افواج سے متعلق جاری ہونے والی گلوبل فائرپاور رینکنگ میں پاکستان کی فوج نے دسواں نمبر حاصل کر لیا ہے ۔سال 2019 میں جاری کی گئی لسٹ میں  پاکستان کی فوج کا پندرہواں نمبر تھا ۔ 

رینکنگ کی بنیاد پچاس سے زائد فیکٹرز کو مدنظر رکھ کر کی جاتی ہے ۔جن میں ملٹری حجم سے لے کر ملک کی فنانشل پوزیشن ، جغرافیائی حیثیت جیسے فیکٹرز شامل ہیں ۔ 

درجہ بندی کے مطابق دنیا بھر میں طاقت کے اعتبار سے نمبرون ملک امریکا کو قرار دیا گیا ہے ۔ روس دوسرے نمبر پر ہے ۔ چین کا نمبر تیسرا اوربھارت کا چوتھا ہے ۔سپرافواج کی رینکنگ میں جاپان کی فوج کا پانچواں نمبر ہے ۔ 

  فائر پاوررینکنگ کے مطابق دنیا کی پہلی پندرہ فوجی طاقتوں میں پاکستان کے سوا کسی اور ملک کی رینکنگ میں ترقی نہیں ہوئی ۔ پچھلے چند سالوں میں صرف پاکستانی فوج ایسی ہے جس کی طاقت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے پاک فوج دنیا کے ٹاپ ٹین سپر فورسز کی فہرست میں شامل ہوئی ہے ۔ 

درجہ بندی میں مختلف شعبوں سے متعلق فراہم کی گئی تفصیلات کے مطابق پاکستان میں فوج کی افرادی قوت 6 لاکھ 54 ہزار ہے اور اس اعتبار سے پاکستان دنیا میں چھٹے نمبر پر ہے۔ جب کہ ہر سال ملک میں فوج میں بھرتی کی عمر کو پہنچنے والے افراد کی تعداد 43 لاکھ 27 ہزار 620 بتائی گئی ہے اور اس میں پاکستان دنیا کے چوتھے نمبر پر ہے۔

رینکنگ کے لیے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پاک فوج مالی وسائل میں دنیا کے کئی دیگر ممالک سے پیچھے ہونے کے باوجود صلاحیتوں اور کارکردگی میں دنیا کے ٹاپ ٹین ممالک  میں شامل ہے۔


ای پیپر