PDM, protest, Election Commission, pressure, Shibli Faraz, PTI government
17 جنوری 2021 (18:33) 2021-01-17

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ پی ڈی ایم اپنا آخری پتہ کھیلنے جا رہی ہے ، پی ڈی ایم کا الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج صرف دباؤ کیلئے ہے۔ الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج بھونڈی کوشش ہے ، پی ڈی ایم تحریک ماضی کا حصہ بن گئی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ پی ڈی ایم والوں نے اپنے تمام پتے کھیل لیے ہیں۔ پی ڈی ایم والوں کو رسوائی کے سوا کچھ نہیں ملا۔ فضل الرحمان کو نیب نوٹس ملا تو کہا پوری پارٹی کیساتھ جاؤں گا ، انہوں نے کہا کہ یہ لوگ جتھے لا کر اداروں کو دھمکانا چاہتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی نے تفصیلات جمع کرائیں ، پی ٹی آئی نے اپنے تمام جوابات الیکشن کمیشن کو جمع کرا دیے ہیں ، کل اپوزیشن کی پیشی ہے انہیں چاہیے وہ الیکشن کمیشن کو جواب دیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ پی ٹی آئی کو ملنے والے فنڈز کے 40 ہزار ناموں کی تفصیلات ہمارے پاس موجود ہیں ، یہ ہمیں پھنساتے ہوئے خود پھنس گئے ہیں۔ اب مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کو خود بتانا پڑ گیا کہ انہیں فنڈز کہاں سے ملتے ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں نے اسکروٹنی کمیٹی کو جواب ہی نہیں دیے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سمجھتے ہیں وہ جس ریاست کا حصہ نہیں وہ نا مکمل ہے۔ پہلے وہ پارٹیاں حکمران تھیں جنہوں نے ملک کو اپنی جاگیر بنا رکھا تھا۔ اب ایک ایسا لیڈر آیا ہے جو ان سے ملک کے لوٹے ہوئے اثاثوں کا حساب مانگ رہا ہے۔


ای پیپر