Enemy forces, chaos, country, Allama Tahir Ashrafi, PTI government, PDM
17 جنوری 2021 (17:35) 2021-01-17

لاہور: وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان جب اسلام آباد آئیں گے تو حکومت اُن کو حلوہ اور پیزا کھلائیں گی۔

پریس کانفرنس کے دوران مولانا فضل الرحمان کے اسلام آباد مارچ پر گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ مولانا ہمارے بڑے محترم ہیں ، ہم مولانا کو حلوہ اور پیزا بھی کھلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کا اقتدار ابھی ان سے دور ہے۔ مدرسے کے چھوٹے بچوں کو شعور نہیں وہ کہاں جا رہے ہیں۔

علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت کے معاملے پر سیاست کی گئی ، موجودہ حکومت عقیدہ ختم نبوت کی علمبردار ہے۔ موجودہ حکومت کے دور میں علمائے کرام کی عزت میں اضافہ ہوا۔

معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی نے کہا کہ کسی مکتبہ فکر کی مقدس ہستیوں کی توہین کی اجازت نہیں دی جائے گی ، مقدس ہستیوں کا احترام ہمارے مذہب کا جز ہے، مقدسات کی توہین کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں بین المذاہب ہم آہنگی کا فروغ چاہتی ہے۔ حکومت نے مدارس کیلئے بہترین اقدامات کیے ، وفاق المدارس ہمارے ہیں اور ہم ان کے ہیں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان دشمن قوتیں ملک میں انتشار پیدا کرنا چاہتی ہیں، موجودہ حکومت دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پُر عزم ہے۔

علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان کے مسئلہ فلسطین پر مؤقف سے فلسطینی بھی فخر کرتے ہیں۔


ای پیپر