PDM, constitution, law, country, Khawaja Saad Rafique, PML-N
17 جنوری 2021 (15:28) 2021-01-17

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے ایم این اے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پی ڈی ایم کا مقصد یہ نہیں کہ ایک حکومت گرا کر دوسری لائی جائے ، پی ڈی ایم کا مقصد ملک میں آئین و قانون کی بالادستی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ گرفتاریوں کا احتساب سے کوئی تعلق نہیں ، کسی کو بھی تاحیات پابند سلاسل نہیں رکھ سکتے۔ گرفتاریاں ہمارے نظریے کو تیز کرتی ہیں ، پاکستان میں جمہوریت کے نام پر آمریت مسلط ہے۔

خواجہ آصف کو عمران خان کی خواہش پر گرفتار کیا گیا ، ڈھائی سال سے یہ خواجہ آصف کے پیچھے تھے ، یہ پہلے حکمران ہیں جو سارا دن میڈیا پر الزام تراشیاں کرتے ہیں۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے باوجود جعلی کیس پر خواجہ آصف کو گرفتار کیا گیا ، خواجہ آصف جلد سرخرو ہو کر نکلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جمہوریت کیلئے کوئی جدوجہد نہیں ، عمران خان آمریت کی اپنی مثال آپ ہے۔ 73 کے آئین کے تحت ملک آگے بڑھانے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ، سیاسی انتقام جاری رہا تو ان کی بھی باری آئے گی۔ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کا سورج طلوع ہو گا ، اناڑیوں کے ہاتھ میں ملک دے دیا گیا ، پہلی حکومت ہے جو ملک میں ازخود فساد پیدا کرتی ہے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے ، ادارے لڑکھڑا رہے ہیں ، ملک چلانا بچوں کا کھیل نہیں ، حکومت کی کوشش ہے ملک میں انتشار پیدا ہو ، سیاسی انتقام کو بند کیا جائے۔ روشن مستقبل کیلئے اس حکومت کو چلتا کرنا پڑے گا ، ہم ریلوے کو سیدھا کرکے گئے ، انہوں نے پٹری سے اتار دیا۔

رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ ملائیشیا میں جہاز روکنے سے ملک کی بہت بدنامی ہوئی ، پوری دنیا میں پاکستان کا تماشا بنا دیا گیا۔


ای پیپر