دیمک نے بھارتی شخص کو پانچ لاکھ روپے سے محروم کر دیا
سورس:   فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر
17 فروری 2021 (21:28) 2021-02-17

نئی دہلی: بھارت میں دیمک نے ایک شخص کو گھر بنانے کیلئے جمع کی گئی پانچ لاکھ روپے کی خطیر رقم سے محروم کر کے صدمے سے دوچار کر دیا۔

بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے علاقے میلاوارام کا رہائشی بجیلی جمالیا اس وقت حیرت ذدہ رہ گیا جب اس کے ایک صندوق میں جمع کئے گئے پانچ لاکھ روپے دیمک نے کھا لئے۔ 

مذکورہ شخص جانوروں کی تجارت کرتا ہے اور ان کی خرید و فروخت کیلئے بینک ٹرانزیکشن کے بجائے نقد رقم استعمال کرتا ہے جس نے نفع سے حاصل ہونے والی رقم بینک میں جمع کروانے کے بجائے اپنے گھر میں موجود ایک صندوق میں رکھنے کا فیصلہ کیا۔ بجیلی جمالیا اپنے ذاتی گھر کا خواب پورا کرنے کیلئے یہ رقم جمع کر رہا تھا مگر اس وقت شدید صدمے سے دوچار ہو گیا جب اس نے دیکھا کہ جس رقم وہ محفوظ سمجھ رہا تھا وہ اصل میں دیمک کی خوراک بن چکی ہے اور اس کے کرنسی نوٹ اب بیکار کاغذ کے علاوہ کچھ نہیں رہے۔ 

یہ رقم 200 روپے اور 500 روپے کے نوٹوں کی صورت میں جمع کی گئی تھی جس میں دیمک نے جگہ جگہ سوراخ کر دئیے جس کی وجہ سے وہ تقریباً ناقابل استعمال ہو چکی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب مقامی لوگوں نے بہت سے بچوں کو  خراب کرنسی نوٹوں سے کھیلتے ہوئے دیکھا جو انہیں بجیلی جمالیا نے ہی دئیے تھے جس پر انہوں نے مقامی پولیس کو آگاہ کیا۔ 

صدمے سے دوچار جمالیا نے  پولیس کو بتایا کہ اس کا اور اس کے گھر کے کسی بھی فرد کا بینک اکاؤنٹ نہیں اور اس نے ساری رقم ایک پرانے موجود صندوق میں رکھی تھی۔ پولیس نے جمالیا کو یقین دہانی کرائی کہ اگر وہ کسی بھی طرح کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث نہیں پایا گیا تو اس کی مالی مدد ضرور کی جائے گی۔ 


ای پیپر