پاکستان میں انٹرنیٹ فراہم کرنے والی بین الاقوامی زیر آب کیبل سسٹم میں خرابی، ملک میں آن لائن سروس متاثر ہونے کا خدشہ
سورس:   فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر
17 فروری 2021 (19:33) 2021-02-17

لاہور: پاکستان میں انٹرنیٹ فراہم کرنے والی بین الاقوامی زیرآب کیبل سسٹم میں خرابی کے نتیجے میں ملک بھر میں آن لائن سروسز متاثر ہونے کا امکان ہےاور صارفین کو انٹرنیٹ سروسز تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔ 

تفصیلات ک ےمطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں بتایا گیا ہے کہ مصر میں ابو تلات کے قریب بین الاقوامی زیر آب کیبلز سسٹم میں خرابی کے نتیجے میں صارفین کو انٹرنیٹ سروسز تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔ پی ٹی اے کے مطابق ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس (ٹی ڈبلیو اے) نے یورپ کی جانب سے ایس ای اے ایم ای ڈبلیو ای 5 کیبل سسٹم میں بین الاقوامی کنیکٹیویٹی سروس میں سست روی سے آگاہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  انٹرنیٹ سروس کی فراہمی میں یہ سست روی زیر آب کیبل سسٹم میں خرابی کی وجہ سے آئی ہے تاہم مصر میں بین الاقوامی ہم منصبوں کے ذریعے جلداز جلد اس خرابی کو ٹھیک کرنے کیلئے کام جاری ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ذرائع کے حوالے سے یہ رپورٹس زیر گردش تھیں پاکستان میں صارفین کو بڑے پیمانے پر انٹرنیٹ سروسز فراہم کرنے والی زیر آب کیبل آئی ایم ای ڈبلیو ای میں خرابی پیش آئی ہے تاہم پی ٹی اے اورپاکستان ٹیلی کمیونیکشن لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) کی جانب سے ایسی کسی خرابی کی تصدیق نہیں کی گئی تھی۔

 واضح رہے کہ پاکستان کو بیرونی دنیا سے انٹرنیٹ کے ذریعے جوڑنے والی کیبلز کی کل تعداد چھ ہے جن میں ایس ای اے ایم ای ڈبلیو ای 5، ٹی ڈبلیو 1 (TW1)، ایس ای ایم ای ڈبلیو ای 3 (SEMEWE3)، ایس ای ایم ای ڈبلیو ای 5 (SEMEWE5) اور AAE1 شامل ہیں۔ ان میں سے ایس ای ایم ای ڈبلیو ای 3 محدود گنجائش میں کام کرتی ہے جبکہ دیگر 2 کی تنصیب کچھ سال قبل ہی ہوئی تھی۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اکتوبر 2019 میں پاکستان میں انٹرنیٹ فراہم کرنے والی 2 بین الاقوامی زیرآب کیبلز میں خرابی کے نتیجے میں آن لائن سروسز متاثر ہوئی تھیں جبکہ 2017 میں آئی ایم ای ڈبلیو ای میں خرابی کے نتیجے میں ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز لگ بھگ 2 دن تک متاثر رہی تھیں۔


ای پیپر