Chinese cinemas, new record, business, 50 crore dollars, Lunar Year
17 فروری 2021 (10:00) 2021-02-17

بیجنگ: چین میں نئے قمری سال کی تعطیلات کے دوران ، سینما گھروں پر لوگوں کا رش لگ گیا۔ چینی سینما گھروں نے صرف تین روز میں ہی تقریباً 50 کروڑ ڈالر کا بزنس کرکے نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔

خیال رہے کہ چین میں قمری سال کی تعطیلات کا آج آخری روز ہے۔ نئے قمری سال کی خوشی میں 11 سے 17 فروری تک ملک بھر میں عام تعطیل ہوتی ہے۔ اس موقع پر چین کے تقریبا تمام شہریوں میں چراغاں کیا جاتا ہے اور ہر طرف رونق اور جشن کا سماں ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ چین میں نئے قمری سال کی خوشی میں ملک بھر میں تقریبات کا سلسلہ جاری ہے ۔ مختلف مقامات پر موسیقی اور روایتی ڈریگن ڈانس اور ڈرون شو دیکھ کر لوگ بے حد محظوظ ہو رہے ہیں ۔ بازاروں اور سیاحتی مقامات پر رش لگا ہوا ہے۔

قمری سال کی تعطیلات میں کروڑوں افراد اپنے آبائی گھروں کو پہنچے تو اُن کے گھر والوں نے خاص پکوانوں سے اُن کی تواضع کی ۔ چینی میں ہر نئے قمری سال کو کسی نہ کسی جانور یا پرندے سے منسوب کیا جاتا ہے۔ اس بار نیا سال بیل سے منسوب کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ڈبلیو ایچ او کی ووہان میں موجود ٹیم کا کہنا ہے کہ چین کے دنیا کو وبا سے متعلق بتانے سے پہلے ہی وائرس بڑے پیمانے پر پھیل چکا تھا ، اس وائرس میں 13 میوٹیشنز بھی آچکی تھیں ، تاہم ابھی یہ نہیں کہا جا سکتا یہ کہاں سے اور کیسے پھیلا۔

واضح رہے کہ دنیا کے 219 ممالک کو متاثر کرنے والی وبا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 11 کروڑ سے تجاوز کرگئی ہے ، اس وقت 2 کروڑ 27 لاکھ سے زائد ایکٹو کیسز موجود ہیں۔


ای پیپر