اے آر رحمن کی بیٹی کا برقع پہننے پر تسلیمہ نسرین کو کرارا جواب
17 فروری 2020 (19:52) 2020-02-17

ممبئی :بھارتی گلوکار اے آر حمن کی بیٹی خدیجہ رحمن نے برقعے پر تنقید کرنے والی بنگلادیشی رائٹر تسلیمہ نسرین کو سوشل میڈیا پر جواب دے دیا۔

سوشل میڈیا پر بھارتی موسیقار اے آر رحمن کی بیٹی خدیجہ رحمن نے لکھا ہے کہ  بھارت میں اِس وقت بہت کچھ ہورہا ہے لیکن سب لوگ اِس بات کے لیے فکر مند ہیں کہ عورت کو کیا لباس پہننا چاہیے اور یہ دیکھ کر میں بہت حیران ہوتی ہوں۔  میں جب بار بار یہ موضوع سنتی ہوں تو میرے اندر ایک آگ بھڑک اٹھتی ہے۔

                                                                                                                               

انہوں نے لکھا کہ میں بہت ساری باتیں کہنا چاہتی ہوں گزشتہ ایک سال میں مجھے اپنا جو ایک مختلف وژن ملا ہے وہ اِس سے پہلے کبھی نہیں ملا تھا۔ میں کمزور نہیں ہوں اور نا ہی میں اپنی اِس زندگی کے انتخاب پر مایوس ہوں بلکہ میں بہت خوش ہوں اور مجھے برقع اور حجاب پہننے پر فخر ہے۔میں ان لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جنہوں نے مجھے اِس طرح قبول کیا اور وہ مجھے میرے کام سے جانتے ہیں۔ میں اِس بارے میں اتنا کہوں گی کہ میں اللہ کے بتائے طریقوں پر زندگی گزار رہی ہوں۔

انہوں نے لکھا کہ تسلیمہ نسرین میرا آپ کو مشورہ ہے کہ آپ کو ایک بار گوگل کرکے حقیقی نسوانیت کا مطلب معلوم کرنا چاہیے ۔محترمہ تسلیمہ نسرین ! مجھے افسوس ہو رہا ہے کہ آپ اپنے ہی لباس کی وجہ سے گھٹن محسوس کر رہی ہیں، آپ کو کچھ تازہ ہوا لینے کی ضرورت ہے۔مجھے برقع پہننے سے کوئی گھٹن محسوس نہیں ہوتی ہے بلکہ مجھے فخر محسوس ہوتا ہے اور میں اپنے اِس فیصلے میں بااختیار ہوں۔

یاد رہے کہ بنگلہ دیش کی متنازعہ لبرل رائٹر تسلیمہ نسرین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھارتی گلوکار اے آر رحمن کی بیٹی خدیجہ رحمن کی ایک تصویر شیئر کی تھی جس میں انہوں نے برقع اور حجاب پہنا ہوا تھا۔’’ تسلیمہ نسرین ‘‘ نے ساتھ لکھاکہ مجھے اے آر رحمن کی گلوکاری پسند ہے لیکن میں جب بھی ان کی بیٹی کو دیکھتی ہوں تو میرا دم گھٹنے لگتا ہے۔یہ بہت افسوس کی بات ہے کہ ایک ثقافتی گھرانے میں پرورش پانے والی لڑکی کا بھی آسانی سے برین واش ہوسکتا ہے۔


ای پیپر